بھٹکل 28 اکتوبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر دلیش سشی نے ہدایت دی ہے کہ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم (منریگا) کے تحت فعال مزدوروں کی ای-کے وائی سی (e-KYC) کی کارروائی کو مرکزی دیہی ترقیات کی وزارت کی ہدایات کے مطابق 31 اکتوبر تک سو فیصد مکمل کیا جائے۔
بھٹکل تعلقہ پنچایت ہال میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے والی میٹنگ کی صدارت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی دیہی ترقیات کی وزارت اور ریاستی دیہی ترقی و پنچایت راج محکمہ کی ہدایت کے مطابق ضلع میں منریگا کے تحت رجسٹرڈ فعال مزدوروں کے جاب کارڈز کی ای-کے وائی سی تصدیق کا عمل جاری ہے، اور تمام گرام پنچایتوں میں اس عمل کو مہم کی شکل میں فوری طور پر مکمل کیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر سشی نے ہدایت دی کہ گرام پنچایت سطح پر کچرے کے نظم و نسق کو مؤثر طریقے سے انجام دیا جائے۔ دکانوں، کاروباری مراکز اور گھروں پر ٹیکس مقرر کرکے اس کی وصولی کی جائے، جمع شدہ کچرے کو فروخت کر کے آمدنی میں اضافہ کیا جائے تاکہ گرام پنچایت کچرا نکاسی کے اخراجات خود برداشت کرنے کے قابل بنے۔
میٹنگ میں منریگا اسکیم، سوچھ بھارت مشن، ٹیکس وصولی، رہائشی منصوبے، جل جیون مشن (JJM)، لائبریری، آنگن واڑی مراکز، پندرہویں مالیاتی کمیشن اسکیمیں، نل جل متر پروگرام، ہیسکوم بل ادائیگی، ای-حاضری، این آر ایل ایم، صحت اور تعلیم سمیت مختلف موضوعات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات دی گئیں۔
اس اجلاس میں ضلع پنچایت کے اسسٹنٹ سکریٹری ایم ایس اللہ بخش، منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر کریم اسعدی، ترقیاتی شاخ کے اسسٹنٹ سکریٹری پرکاش حالمنور، چیف پلاننگ آفیسر سوم شیکھر میستا، تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹو آفیسر سنیل ایم، مختلف محکموں کے تعلقہ سطح کے افسران، تمام گرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسرز اور تعلقہ پنچایت کے افسران و عملہ موجود تھے۔