بھٹکل، 18 فروری (ایس او نیوز): بھٹکل کے ڈونگر پلی علاقے میں قائم نوجوان اتحاد کمیٹی کی نئی انتظامیہ کی تشکیل کے بعد عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں مولوی محمد فیضان حاجی فقیہ ندوی کو صدر اور عنایت اللہ گوائی کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔دیگر منتخب عہدیداران میں سید اظہر بافقی نائب صدر، مولانا محمد فواز منصوری ندوی سکریٹری، محمد اقبال سدی باپا خازن اور مولوی مُصّیب بافقی محاسب کے طور پر شامل ہیں۔ بیشتر عہدیداران کا انتخاب اتفاقِ رائے سے انجام پایا۔
واضح رہے کہ نوجوان اتحاد کمیٹی کے زیرِ انتظام مسجد خضر، مون اسٹار اسپورٹس سینٹر اور علاقے کے بعض تعلیمی ادارے چل رہے ہیں۔ کمیٹی کے لیے مقامی سطح پر 20 اراکین پر مشتمل انتظامیہ تشکیل دی گئی ہے۔ سرپرستان میں جناب یوسف بیلّی اور جناب سید عمر بافقی شامل ہیں، جبکہ بھٹکل کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک مقیم علاقے کے اراکین کو بھی انتظامیہ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
انتخاب کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب جنرل سکریٹری عنایت اللہ گوائی نے کہا کہ علاقے کو درپیش دو تا تین اہم اور گھمبیر مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم اور پڑوسی اسپورٹس سینٹروں کے تعاون سے ان چیلنجنگ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ نئی کمیٹی عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے علاقے کی سماجی اور تعلیمی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔