ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: دھرمستھلا کے مذہبی رہنما ویریندر ہیگڈے کا مرڈیشور دورہ؛ کہا: نشہ مُکْت کیمپ میں کوئی زبردستی نہیں، ذہنی تبدیلی کو دی جاتی ہے اہمیت

بھٹکل: دھرمستھلا کے مذہبی رہنما ویریندر ہیگڈے کا مرڈیشور دورہ؛ کہا: نشہ مُکْت کیمپ میں کوئی زبردستی نہیں، ذہنی تبدیلی کو دی جاتی ہے اہمیت

Tue, 09 Dec 2025 20:03:48    By: I G Bhatkali
بھٹکل: دھرمستھلا کے مذہبی رہنما ویریندر ہیگڈے کا مرڈیشور دورہ؛ کہا: نشہ مُکْت کیمپ میں کوئی زبردستی نہیں، ذہنی تبدیلی کو دی جاتی ہے اہمیت

بھٹکل 9/ڈسمبر  (ایس او نیوز): کرناٹک کے مذہبی مقام دھرمستھلا (ضلع دکشن کنڑا) کے دھرم اَدھیکاری یعنی مذہبی رہنما ویریندر ہیگّڈے منگل کی صبح مرڈیشور میں منعقدہ ایک پروگرام میں شریک ہوتے ہوئے واضح کیا کہ دھرمستھلا کے نشہ مکتی کیمپوں میں شراب چھڑوانے کے لیے کسی طرح کی زبردستی یا بھگوان کے نام پر قسم دلوانے کا طریقہ اختیار نہیں کیا جاتا، بلکہ ذہنی و فکری تبدیلی کے ذریعے شراب کی عادت چھوڑنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

وہ مرڈیشور کے شری راگھویشور ہویکّا سبھا بھون میں 2016ء کے شراب سے چھٹکارہ کیمپ کے اختتامی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ پروگرام شریکشترا دھرمستھلا گرام ابھیورودھی ٹرسٹ، اکھل کرناٹکا جن جاگرتی ویدیکے اور مقامی اداروں کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔

ویریندر ہیگّڈے نے کہا کہ جو شخص اپنے پانچ حواس پر قابو نہیں رکھتا، وہ نشے یا کسی نہ کسی بُری لت کا غلام بن جاتا ہے۔ ہم اپنے آٹھ روزہ کیمپ کے دوران شرکاء کے اندر موجود مذہبی و اخلاقی شعور کو بیدار کرتے ہیں اور ذہنی تبدیلی کے ذریعے انہیں نشے سے نجات دلاتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کیمپ سے واپس جانے والے افراد دوبارہ نشے کی لت میں مبتلا نہ ہوں بلکہ بہتر اور باوقار زندگی گزاریں۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر ریاستی وزیر منکال ویدیا بھٹکل اور ہوناور پر حکومت کرنے والی رانی چنّا بھیرادےوی کے نام پر سمارک (یادگار) کی تعمیر کے لیے مناسب جگہ مہیا کر دیں، تو جلد ہی اس یادگار کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر منکال ویدیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھرمستھلا گرام ابھیوردھی ٹرسٹ وہ کام انجام دے رہا ہے جو حکومت کو کرنے چاہیے تھے۔ دیہی علاقوں کے لوگوں کو سود خوری اور ’میٹر سود‘ جیسے استحصالی نظام سے آزاد کرانے کا کریڈٹ دھرمستھلا ٹرسٹ کو جاتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تمام سماجی بہبود کے کاموں میں ٹرسٹ کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔

تقریب میں نشہ ترک کیمپ کے اعزازی صدر چندرشیکھر گوڈا، صدر ستییش شیٹ، اکھل کرناٹکا جن جاگرتی ویدیکے کے صدر نٹراج، دھرمستھلا گرام ابھیوردھی ٹرسٹ کے ڈائریکٹر ویویک پائس، آنند سورنہ سمیت کئی افراد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر بَیلورو گرام پنچایت کے صدر کرشنا نائک، بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، سینئر صحافی رادھا کرشنا بھٹ، ضلع جن جاگرتی ویدیکے کے رکن راجو نائک اور ایس ایس کامتھ بھی موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: