ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بینگلور میں خوفناک سڑک حادثہ: بھٹکل کے میاں بیوی جاں بحق، تین معصوم بچے یتیم؛ زندگیاں بچانے والی ایمبولینس نے ہی چھین لیں قیمتی جانیں

بینگلور میں خوفناک سڑک حادثہ: بھٹکل کے میاں بیوی جاں بحق، تین معصوم بچے یتیم؛ زندگیاں بچانے والی ایمبولینس نے ہی چھین لیں قیمتی جانیں

Sun, 02 Nov 2025 18:45:49    S O News
بینگلور میں خوفناک سڑک حادثہ: بھٹکل کے میاں بیوی جاں بحق، تین معصوم بچے یتیم؛ زندگیاں بچانے والی ایمبولینس نے ہی چھین لیں قیمتی جانیں

بھٹکل، 2 نومبر (ایس او نیوز): سنیچر کی دیر رات بینگلور کے شانتی نگر بس اسٹینڈ کے قریب پیش آئے دلخراش سڑک حادثے میں بھٹکل کے میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دو دیگر بائک سوار شدید زخمی ہوئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ حادثہ ایک ایسی ایمبولینس کے باعث پیش آیا جو سگنل توڑ کر تیز رفتاری سے گزری، حالانکہ مقامی لوگوں کے مطابق اس میں کوئی مریض موجود نہیں تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق بھٹکل کے رہائشی اسماعیل نطہرداباپو (40) اپنی اہلیہ ثمین بانو قاسمجی (32) کے ساتھ موٹر بائک پر سدھام نگر کی جانب جارہے تھے۔ کے ایچ جنکشن پر سگنل سرخ ہونے پر جب وہ رُکے ہوئے تھے، تو اچانک ایک تیز رفتار ایمبولینس نے پیچھے سے ان کی بائک سمیت دو دیگر بائکوں کو ٹکر ماردی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایمبولینس ایک بائک کو گھسیٹتے ہوئے کافی دور تک گئی اور آخرکار ایک سگنل کنٹرول پوائنٹ سے ٹکرا کر رُکی۔

حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے دوڑ پڑے، مگر دونوں میاں بیوی جانبر نہ ہوسکے۔ البتہ دیگر دو زخمی بائک سواروں کو بینگلور کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

bangalore-accident-2

حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی عوام نے جائے وقوع پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایمبولینس کا کام لوگوں کی جانیں بچانا ہے، مگر حالیہ دنوں میں بعض ڈرائیوروں کی لاپرواہی سے عوام کی زندگیاں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔ ایک اور عینی شاہد نے سوال کیا کہ “اگر ایمبولینس میں مریض موجود ہی نہیں تھا تو اسے سگنل توڑنے اور اتنی تیز رفتاری سے آنے کی کیا ضرورت تھی؟” عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایمبولینس کے غلط استعمال کو روکا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم اتوار صبح پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

مرحوم اسماعیل اور ثمین بانو کا تعلق بھٹکل سے ہے۔ اسماعیل مسقط کالونی کے رہائشی اور کپڑوں کے کاروبار سے وابستہ تھے، جبکہ ثمین بانو کا تعلق بندر روڈ ففتھ کراس سے تھا۔ دونوں کی شادی تقریباً 12 سال قبل ہوئی تھی اور پچھلے 9 سال سے بینگلور کے بی ٹی ایم لیاؤٹ میں مقیم تھے۔ ان کے تین بچے (10، 7 اور 4 سالہ) ہیں — دو بیٹیاں اور ایک بیٹا — جو اب والدین کی شفقت سے محروم ہوگئے ہیں۔

دونوں میاں بیوی کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد بینگلور سے بھٹکل لایا جارہا ہے۔ رات نو بجے تک میت کے پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ نوائط کالونی تنظیم جمعہ مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد رات دس بجے سے قبل نوائط کالونی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔

Click here for report in English


Share: