ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی سینیٹ کے انتخاب میں بھٹکل کا خاندانی رشتہ؛ سابق وزیر شمس الدین جوکاکو کی پوتی کے شوہر عبدال السید میدان میں

امریکی سینیٹ کے انتخاب میں بھٹکل کا خاندانی رشتہ؛ سابق وزیر شمس الدین جوکاکو کی پوتی کے شوہر عبدال السید میدان میں

Tue, 03 Nov 2026 14:06:50    S O News
امریکی سینیٹ کے انتخاب میں بھٹکل کا خاندانی رشتہ؛ سابق وزیر شمس الدین جوکاکو کی پوتی کے شوہر عبدال السید میدان میں

بھٹکل، 3 نومبر (ایس او نیوز): امریکہ کی ریاست مشی گن میں آج ہونے والے امریکی سینیٹ کے انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر عبدال السید (Abdul El-Sayed) کے ساتھ بھٹکل کا ایک اہم خاندانی رشتہ بھی جڑا ہوا ہے۔ ان کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ جوکاکو کا تعلق بھٹکل کے معروف جوکاکو خاندان سے ہے۔ وہ بھٹکل کے سابق ڈپٹی وزیر مرحوم جے۔ ایچ۔ شمس الدین جوکاکو کی پوتی ہیں۔ اس اعتبار سے عبدال السید اس خاندان کے داماد ہیں۔

سارہ جوکاکو کے ایک قریبی رشتہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان کے والد ڈاکٹر طیب ایس جوکاکو 1980 کی دہائی میں امریکہ منتقل ہوگئے تھے، جہاں انہوں نے نیفرولوجی (امراضِ گردہ) میں تخصص حاصل کیا اور طبی شعبے میں اپنی شناخت قائم کی۔

ڈاکٹر عبدال السید 31 اکتوبر 1984 کو مشی گن کے شہر روچیسٹر ہلز میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محمد السید کا تعلق مصر سے ہے اور وہ امریکہ میں مکینیکل انجینئرنگ کے پروفیسر رہے ہیں۔ عبدال السید نے 2007 میں یونیورسٹی آف مشی گن سے حیاتیات اور سیاسیات میں گریجویشن کیا۔ اس کے بعد روڈس اسکالرشپ حاصل کرکے برطانیہ کی یونیورسٹی آف آکسفورڈ سے 2011 میں پبلک ہیلتھ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی، جبکہ 2014 میں کولمبیا یونیورسٹی، نیویارک سے میڈیکل کی ڈگری بھی مکمل کی۔

تعلیم کے بعد انہوں نے پبلک ہیلتھ کے شعبے میں خدمات انجام دیں اور 2015 میں ڈیٹرائٹ کے محکمہ صحت کے سربراہ مقرر ہوئے۔ 2018 میں انہوں نے مشی گن کے گورنر کے انتخاب میں حصہ لیا۔ بعد ازاں، 2022 سے 2025 تک وین کاؤنٹی کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اسی دوران، غالباً 2016 میں، وہ سارہ جوکاکو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

قریبی رشتہ دار کے مطابق عبدال السید اور ان کی اہلیہ بھٹکل کے روایتی کھانوں کو خاص طور پر پسند کرتے ہیں اور امریکہ میں بھی گھر پر بھٹکلی پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔ سارہ جوکاکو خاندانی تقریبات میں شرکت کے لیے وقتاً فوقتاً بھٹکل اور بنگلور کا دورہ کرتی رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے آخری مرتبہ تقریباً سات سال قبل خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ بھٹکل کا دورہ کیا تھا۔

ڈاکٹر عبدال السید نے رواں سال اگست میں ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخاب میں کامیابی حاصل کرکے سینیٹ کے عام انتخاب کے لیے پارٹی کی نامزدگی حاصل کی۔ ان کا مقابلہ ریپبلکن امیدوار اور سابق رکنِ کانگریس مائیک راجرز سے ہے۔ موجودہ سینیٹر گیری پیٹرز نے دوبارہ انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں یہ نشست خالی ہوئی ہے۔

اس انتخاب کو امریکی سیاست میں اس لیے بھی اہمیت حاصل ہے کہ کامیابی کی صورت میں عبدال السید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلم رکن بن سکتے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران ان کے مسلم پس منظر، فلسطین سے متعلق موقف اور سیاسی نظریات بھی بحث کا موضوع رہے ہیں۔

انتخاب سے محض ایک روز قبل ڈیموکریٹک پارٹی کی پرائمری میں ان کی سابق حریف اور رکنِ کانگریس ہیلی اسٹیونز نے ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کا اعلان کرکے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی تھی۔

مشی گن میں آج ہونے والی ووٹنگ کے نتائج پر نہ صرف ریاست بلکہ پورے امریکہ کی سیاسی نگاہیں مرکوز ہیں۔ اس انتخاب کا نتیجہ امریکی سینیٹ میں دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان طاقت کے توازن کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

Photo: AP / Julia Demaree Nikhinson


Share: