ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کا SIR کے خلاف ملک گیراحتجاج، بھٹکل میں بھی کیا جائے گا مظاہرہ؛ ضلعی صدر نے لگایا فارم 7 کے غلط استعمال کا الزام

کانگریس کا SIR کے خلاف ملک گیراحتجاج، بھٹکل میں بھی کیا جائے گا مظاہرہ؛ ضلعی صدر نے لگایا فارم 7 کے غلط استعمال کا الزام

Fri, 02 Oct 2026 20:04:00    S O News
کانگریس کا SIR کے خلاف ملک گیراحتجاج، بھٹکل میں بھی کیا جائے گا مظاہرہ؛ ضلعی صدر نے لگایا فارم 7 کے غلط استعمال کا الزام

بھٹکل 2/اکتوبر (ایس او نیوز): اترا کنڑا ضلع کانگریس صدر جی۔ ٹی۔ نائک نے الزام عائد کیا کہ ووٹر فہرست کی خصوصی انتہائی نظرثانی (SIR) کے عمل کا ملک بھر میں غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور بی جے پی کارکنان ’فارم–7‘ کے ذریعے اہل ووٹروں کے نام ووٹر فہرست سے حذف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حال ہی میں ضلع کانگریس صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار بھٹکل کا دورہ کرنے والے جی۔ ٹی۔ نائک نے بھٹکل میں اخباری نمائندوں سے مخاطب ہوتےہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور SIR کے خلاف 2 سے 8 اکتوبر تک ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت بھٹکل میں بھی احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔

نائک نے الیکشن کمیشن کے اندراختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تین رکنی کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سمیت تین ارکان شامل ہیں۔ تاہم، دیگر دو الیکشن کمشنروں، سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی، نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران کمیشن کے مختلف فیصلوں اور اقدامات پر کم از کم 14 مرتبہ باضابطہ طور پر اپنے اعتراضات درج کرائے اور ان تحفظات سے گیانیش کمار کو بھی آگاہ کیا۔ نائک کے مطابق، اس کے باوجود گیانیش کمار نے ان اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی من مانی کے مطابق فیصلے آگے بڑھائے۔

congress-press-meet-2.jpg

انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے حق میں یکطرفہ طور پر کام کر رہا ہے اور مطالبہ کیا کہ ’فارم–7‘ کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق، ووٹر فہرست میں کسی نام کے اندراج پر اعتراض یا پہلے سے موجود نام کو حذف کرنے کے لیے فارم–7 استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ نام حذف کرنے سے قبل جانچ سمیت مختلف مراحل سے گزرنا ہوتا ہے۔

جی۔ ٹی۔ نائک نے دعویٰ کیا کہ SIR کے دوران معمولی اسپیلنگ کی غلطیوں کو بنیاد بنا کر ایسے ووٹروں کے نام بھی فہرست سے حذف کیے جا رہے ہیں جو بی جے پی کے حامی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق، ان میں بالخصوص مسلمان، عیسائی، دلت اور دیگر طبقات کے وہ ووٹر شامل ہیں جو روایتی طور پر کانگریس کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید تشویش ظاہر کی کہ SIR کے نتیجے میں ملک بھر میں تقریباً 13 کروڑ اور کرناٹک میں تقریباً ایک کروڑ اہل ووٹروں کے نام ووٹر فہرست سے حذف ہونے کا امکان ہے۔

پریس کانفرنس میں ضلع کانگریس مہیلا مورچہ صدر شاردا راتھوڑ، بال چندرا نائک، وینکٹیش نائک، وشنو دیواڑیگا، اِمشاد مختصر اور دیگر کانگریس ارکان موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: