ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 70ویں کنڑا راجیہ اُتسوا کا شاندار جشن؛ ساحل آن لائن کے ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کو صحافتی خدمات پر تہنیت

بھٹکل میں 70ویں کنڑا راجیہ اُتسوا کا شاندار جشن؛ ساحل آن لائن کے ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کو صحافتی خدمات پر تہنیت

Sat, 01 Nov 2025 18:55:22    S O News
بھٹکل میں 70ویں کنڑا راجیہ اُتسوا کا شاندار جشن؛ ساحل آن لائن کے ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کو صحافتی خدمات پر تہنیت

بھٹکل، یکم نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں 70ویں کنڑا راجیہ اُتسوا کا جشن شاندار انداز میں منایا گیا، جس کے دوران تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کو صحافت کے ذریعے سماجی و اصلاحی خدمات کے اعتراف میں تہنیت سے نوازا گیا۔ پروگرام میں دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو بھی اعزاز سے نوازا گیا، جن میں سنگیت کے شعبے میں اُودے پربھو اور ادیتہ منجوناتھ دیواڑیگا، لوک فن (فولک آرٹ) میں دُرگپا انپا گونڈا، ادب میں ایم ڈی پکی اور سُدرشن بی نائک، جبکہ کھیل کے میدان میں واسو دیو پجاری شامل ہیں۔

تقریب کا آغاز منی ودھان سودھا عمارت کے احاطے میں کرناٹک کی پہچان بھونیشوری دیوی پر پھول نچھاور کرنے اور روایتی رسوم کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد بھٹکل تحصیلدار ناگیندرا کولا شیٹی نے اسکولی بچوں پر مشتمل ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر نوائط کالونی تعلقہ اسٹڈیم (وائی ایم ایس اے میدان) کی جانب روانہ کیا۔

اسٹڈیم میں ترنگا جھنڈا لہرایا گیا، قومی ترانہ اور کنڑا ترانہ پیش کیے گئے، جس کے ساتھ ہی پروگرام کا باضابطہ آغاز ہوا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحصیلدار ناگیندرا کولا شیٹی نے کنڑیگاس اور کرناٹک کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یکم نومبر 1956 کو جنوبی ہند کے تمام کنڑا بولنے والے علاقوں کو یکجا کرکے "میسور ریاست" تشکیل دی گئی تھی، جسے بعد میں 1973 میں "کرناٹک" کا نام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن لسانی، ثقافتی اور علاقائی یکجہتی کی علامت ہے، اور ہمیں چاہیے کہ اپنی مادری زبان کنڑا کو روزمرہ زندگی میں اپنائیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کنڑا زبان کے فروغ کو ہم سب کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھنا چاہیے، کیونکہ زبان صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ شناخت، وقار اور اتحاد کی علامت بھی ہے۔

پروگرام کے دوران ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کو ان کی طویل اور مثالی صحافتی خدمات کے اعتراف میں تہنیتی شال اور اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ انہوں نے 1990 میں محض 18 سال کی عمر میں بنگلور کے معروف روزنامہ سالار سے صحافت کا آغاز کیا، اور گزشتہ 35 برسوں سے سماجی اصلاح اور عوامی بیداری کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے ممبئی کے معروف اردو روزنامہ انقلاب سمیت دیگر شہروں سے شائع ہونے والے اخبارات سیاست، راشٹریہ سہارا اور کئی ہفت روزہ و ماہنامہ رسائل کے لیے رپورٹنگ اور مضامین تحریر کیے۔ جب 1998 میں انٹرنیٹ نیا نیا متعارف ہوا تو انہوں نے بھٹکل نیوز کے نام سے پہلا آن لائن نیوز پورٹل قائم کیا، بعد ازاں 2000 میں ساحل آن لائن کا آغاز کیا، جو آج ساحلی کرناٹکا کا ایک معتبر نیوز پورٹل بن چکا ہے۔ فی الوقت وہ کئی معروف اخبارات کے ساتھ ساتھ شموگہ سے شائع ہونے والے ڈیلی آج کا انقلاب سے بھی وابستہ ہیں۔ ان کا مقصد بھٹکل اور ساحلی کرناٹکا کے عوام کو علاقے کی صحیح صورتحال سے آگاہ کرنا اور ہندو مسلم بھائی چارگی کو فروغ دینا ہے، جس کے لیے وہ مسلسل کوشاں ہیں۔

کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے کنڑا زبان اور اس کے علاقائی اثرات پر تفصیلی لیکچر پیش کیا، جبکہ شاعر اور کنڑا ٹیچر شریدھر شیٹ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ ماروکیری گرام پنچایت کے نائب صدر ایم ڈی نائک نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اگر ہمیں کنڑا زبان کو فروغ دینا ہے تو بچوں کو انگلش میڈیم کے بجائے کنڑا میڈیم اسکولوں میں تعلیم دینی ہوگی۔

تقریب میں تعلقہ پنچایت کے ایکزی کیٹیو آفیسر سنیل ایم نے استقبال کیا اور بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش نائک نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر بھٹکل ٹاؤن میونسپل چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا، جالی پٹن پنچایت کے چیف آفیسر منجپا، پولیس انسپکٹر منجوناتھ لینگا ریڈی، جالی پنچایت صدر افشاء قاضیا، ہورٹی کلچر آفیسر شراون کمار، فشریز اسسٹنٹ ڈائریکٹر رینوکا سوامی، کرناٹکا سرکاری نوکرا سنگھا (بھٹکل شاخ) کے صدر ایم این نائک، ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ آفیسر سوشیلا موگیر، کونسلرز فیاض مُلا، ارشاد بانو سمیت متعدد اساتذہ، طلبہ، افسران اور معزز شہری بڑی تعداد میں شریک رہے۔

Click here for report in English


Share: