بھٹکل 3/اکتوبر(ایس او نیوز): افتتاح کے سات سال بعد حال ہی میں اوپن کی گئی نئی ہائی ٹیک فش مارکٹ کو بی جے پی نے فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعہ کو بی جے پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق بی جے پی رکن اسمبلی سنیل نائک نے کہا کہ پرانی مچھلی مارکٹ کو بند کر کے نئے مقام پر منتقل کرنے کی کوششوں پر ہمیں سخت اعتراض ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کا نام نہ لیتے ہوئے کہا کہ نئی ہائی ٹیک فش مارکٹ ایک مخصوص کمیونٹی کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے۔
سنیل نائک نے کہا کہ پرانی مچھلی مارکٹ کئی سالوں سے قائم ہے جہاں چھوٹے دکاندار، آٹو رکشہ ڈرائیور وغیرہ بھی اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔ لیکن اب انہیں وہاں سے ہٹانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقام پر گلف مارکیٹ بنانے کا منصوبہ ہے، جو مکمل طور پر سیاسی مفادات کے تحت ہے۔
سنیل نائک نے الزام لگایا کہ وزیر مَنکال ویدیا نے ایک مخصوص کمیونٹی کے فرد کے دفتر میں ملاقات کے بعد عوام کے سامنے آ کر دکھاوا کیا کہ وہ عوامی مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اگر وزیر کو واقعی عوام کی فکر ہوتی تو وہ پرانے مچھلی بازار کی ترقی کے لیے کم از کم 25 لاکھ روپے کا فنڈ مختص کرتے۔ لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے مچھلی مارکٹ میں مچھلی فروشوں کے لئے گنجائش نہایت ناکافی ہے، جہاں صرف 50 لوگ ہی بیٹھ سکتے ہیں، اور وہ بھی غیر سائنسی انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔ بی جے پی کا مطالبہ ہے کہ ایسے ناکام منصوبے کو فوراً بند کیا جائے۔
انہوں نے وزیر منکال ویدیا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص یہ دعویٰ کرتا ہے کہ "ہم سب کچھ کر سکتے ہیں"، وہ دیہی علاقوں کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت تک نہیں کر پا رہا ہے۔ یہاں تک کہ جن گھروں میں 150 یونٹ سے کم بجلی استعمال ہوتی ہے، ان کے بی پی ایل کارڈ بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں آیوشمان بھارت اسکیم کا فائدہ بھی نہیں مل رہا ہے۔
سابق ایم ایل اے نے الزام لگایا کہ وزیر عوامی مسائل کے بجائے ریاست بھر میں دورے کر رہے ہیں، اور جب وہ 'جنااسپندنا' پروگرام منعقد کرتے ہیں تو اس میں صرف ان کے کارکنان ہی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں، عام عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔
بتاتے چلیں کہ سات سال قبل ہائی ٹیک فش مارکٹ کا جب افتتاح اس وقت کے ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر آر سی دیش پانڈے کے ہاتھوں ہورہا تھا، اس وقت بھٹکل کے رکن اسمبلی خود یہی سنیل نائک تھے، اور ان کی موجودگی میں ہی نئی مارکٹ کا افتتاح کیا گیا تھا ۔
پریس کانفرنس میں بی جے پی کے سینئر لیڈر گووند نائک نے بھی خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میونسپالٹی کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی عمارتوں پر توجہ دے اور عرب ممالک میں مخصوص کمیونٹی کی تضحیک کرنے والا ڈرامہ پیش کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
بی جے پی کے ضلع جنرل سیکریٹری سبریا دیواڈیگا نے وزیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہری صفائی کے مسائل کے حل کے لیے جو بیانات دیے ہیں، وہ محض کھوکھلے دعوے ہیں۔
پریس کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی کے ضلعی جنرل سیکریٹری سری کانت نائک نے کہا کہ مُخدوم کالونی پہاڑی پر پائی گئی جانوروں کی ہڈیوں کی تصویر دراصل 3-4 ماہ پرانی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جانوروں کے وہ باقیات گزشتہ بقرعید کے دوران ذبح کیے گئے جانوروں کے تھے، جو جولائی میں وہاں پھینکے گئے تھے۔انہوں نے مانا کہ پولیس کو دی گئی GPS فوٹیج بھی ٹینک کے اندر موجود ہڈیوں کی تھیں، البتہ انہوں نے الزام لگایا کہ میونسپالٹی نے پہاڑی پر موجود جانوروں کے باقیات کے نشانات کو جلدی میں صاف کر دیا تاکہ شواہد مٹا دیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گؤ کشی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔