ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں سائبر کرائم اور منشیات کے نقصانات پر آگاہی مہم؛ ایس پی دپین نے نظم و ضبط اور محتاط رہنے پر دیا زور

بھٹکل میں سائبر کرائم اور منشیات کے نقصانات پر آگاہی مہم؛ ایس پی دپین نے نظم و ضبط اور محتاط رہنے پر دیا زور

Wed, 29 Oct 2025 18:45:08    S O News
بھٹکل میں سائبر کرائم اور منشیات کے نقصانات پر آگاہی مہم؛ ایس پی دپین نے نظم و ضبط اور محتاط رہنے پر دیا زور

بھٹکل، 29 اکتوبر (ایس او نیوز): سائبر کرائم اور منشیات کے خلاف آگاہی" کے عنوان سے بھٹکل میں ایک بامقصد پروگرام منعقد ہوا، جس میں ضلع اُتر کنڑا کے ایس پی مسٹر دپین ایم. این. نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ایس پی نے نوجوانوں کو نظم و ضبط (ڈسپلن) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی طرف پہلا قدم آج ہی اُٹھانا ضروری ہے۔ انہوں نے سائبر کرائم کے مختلف طریقوں اور اس کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے خبردار کیا کہ آن لائن جعلسازی کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جہاں لوگ جعلی شناخت بنا کر دوستی کرتے ہیں اور مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ایس پی نے اس موقع پر چند حقیقی واقعات بیان کر کے طلبہ اور عوام کو محتاط رہنے کی تلقین کی۔

bhatkal-anti-drug-campaign-1

منشیات کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نشے کی لت عام طور پر اُس وقت شروع ہوتی ہے جب انسان زندگی سے بیزارگی محسوس کرتا ہے۔ سگریٹ، شراب اور گانجہ جیسے نقصاندہ عادات ابتدا میں معمولی لگتی ہیں لیکن آہستہ آہستہ انسان کو تباہی کی طرف لے جاتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ بُری صحبت سے دور رہیں اور اچھے دوستوں کی رفاقت اختیار کریں۔

یہ پروگرام مجلسِ اصلاح و تنظیم، انجمنِ حامیِ مسلمین، اصلاحِ معاشرہ کمیٹی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن، ضلع اُتر کنڑا پولیس اور بھٹکل ٹاؤن پولیس کے باہمی اشتراک سے انجمن کالج ہال میں منعقد ہوا۔

پروگرام کا آغاز کالج کے طالب علم عبدالرحمن کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے نے شرکاء کا استقبال کیا، جبکہ تنظیم ایکزی کوٹیو اور جالی پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے ایس پی کا تعارف پیش کیا۔

Click here for report in English

اعزازی مہمان کے طور پر شریک جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی مولانا انصار خطیب مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر نشہ آور چیز انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے شراب کو "اُمّ الخبائث" یعنی "تمام برائیوں کی جڑ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان اور ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں اس کے خاتمے کے لیے عملی قدم اُٹھانا چاہیے۔ مولانا نے کہا: "اگر ہم خاموش رہے تو معاشرہ مزید تباہی کی طرف بڑھے گا۔ آگ لگ چکی ہے، اب ہمیں اسے بجھانے کی کوشش کرنی ہوگی۔"

پروگرام کی صدارت انجمن کے نائب صدر محمد صادق پلّور نے کی، جبکہ کالج پرنسپل یوسف کولا نے اختتامی کلمات کے ساتھ کلمۂ تشکر پیش کیا۔
اس موقع پر طلبہ نے مختلف سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات ایس پی دپین ایم. این. نے دیے۔

پروگرام میں طلبہ، اساتذہ اور شہر کے مختلف سماجی و تعلیمی اداروں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

Bhatkal Awareness program against cybercrime and drugs_3
 

Share: