بھٹکل6/ڈسمبر (پریس ریلیز/ایس او نیوز) : انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل کی این ایس ایس یونٹ کی جانب سے تعلقہ کے کترے–ماروکیری میں واقع سرکاری پرائمری اسکول میں 27 نومبر سے 4 دسمبر تک سات روزہ سالانہ خصوصی کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں کل 85 رضاکاروں نے حصہ لیا۔ کیمپ کا افتتاح قصبہ کے سرکردہ رہنما گنپیا گونڈا نے پرچم کشائی کے ذریعے انجام دیا۔
کیمپ کے دوران رضاکاروں کو چار ٹیموں — ٹیم اینجل، گرلز اسکواڈ، بٹر فلائی اور کینگ میکر — میں تقسیم کیا گیا جنہوں نے مختلف سماجی خدمات اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اسکول کے سامنے پرانی نالی کی مرمت و تعمیر نو، سڑک کناروں کی جھاڑیوں کی صفائی، اسکول کے باغیچے کی خوبصورتی میں اضافہ، بس اسٹاپ کی صفائی، اور اسکول سے دو کلو میٹر دور واقع نالے کی تطہیر، ان کے قابلِ ذکر کارنامے رہے۔ اسکول ہال اور اطراف کے علاقوں کی تزئین و آرائش بھی کیمپ کی اہم خصوصیات میں شامل تھی۔
رضاکاروں نے کھیلوں کے ذریعے مقامی لوگوں سے میل جول بڑھانے کی کوشش کی، جس میں گرام پنچایت کے تعاون سے کرکٹ اور والی بال میچوں کا انعقاد شامل رہا۔ کیمپ کے تربیتی سیشنز میں ڈاکٹر دیویداس پربھو، منجوناتھ ارجن لنگاریڈی، وسنت دیواڈگا، پروفیسر آر ایس نائک، پروفیسر منجوناتھ پربھو اور ٹی ایم سی بھٹکل کی سینئر ہیلتھ انسپکٹر سوجیا سومن نے مختلف موضوعات پر مفید اور معلوماتی لیکچر پیش کیے۔
مقابلوں کے نتائج میں ٹیم اینجل نے چیمپئن ٹرافی اپنے نام کی۔ دکشاینی نائک کو بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا جبکہ بی اے پنجم سمسٹر کے عارف خان کو بہترین رضاکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
این ایس ایس افسر دامودر نائک کی رہنمائی میں کیمپ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ اختتامی تقریب میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر ہللّارے، پروفیسر بی ایچ نداف، پروفیسر آر ایس نائک، پروفیسر امیش میستا سمیت کئی معزز شخصیات شریک رہیں۔