بھٹکل، 30 نومبر(ایس او نیوز): انجمن گرلز ہائی اسکول، بستی روڈ بھٹکل میں منعقدہ 54 ویں سالانہ گیدرنگ میں اس سال کے ممتاز اعزازات کا اعلان کیا گیا۔ اسکول کی ہونہار طالبہ آمنہ رمثہ بنت ارشاد احمد شابندری کو باوقار بتولِ انجمن گولڈ میڈل کے لیے منتخب کیا گیا، جبکہ اریحہ قاسمجی بنت محمد یونس قاسمجی کو رنر اپ اور Eminent Student Award کے لیے اُمِّ سُلَیم بنت ابراہیم بیٹکری کے ناموں کا اعلان ہوا۔ یہ ایوارڈس 14 دسمبر کو انجمن آباد میں منعقد ہونے والی انجمن ڈے کی تقریب میں پیش کیے جائیں گے۔
انجمن حامئی مسلمین کے جنرل سکریٹری اسحاق شابندری نے بتایا کہ بتولِ انجمن اسکول کی باصلاحیت ترین طالبہ کو دیا جانے والا اہم سالانہ اعزاز ہے، جس کے لیے ہر سال تقریباً 150 طالبات میں سے صرف تین طالبات اوّل، دوم اور سوم کے لیے منتخب کی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس انتخاب میں صرف تعلیمی کارکردگی نہیں بلکہ مجموعی صلاحیتوں، ادبی سرگرمیوں میں کامیابی، کھیل کے میدان میں کارکردگی، اسلامی معلومات و تاریخ سے واقفیت، عبادات اور قرآن مجید کی تعلیم میں پابندی، عمومی معلومات، خود اعتمادی، تقریری صلاحیت اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ انتخاب کا فیصلہ تدریسی عملہ، انجمن لیڈیس ایڈوائزری کمیٹی کی خواتین ارکان اور انجمن کے عہدیداران پر مشتمل کمیٹی کرتی ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر وسیمہ ایوب سدی باپا، ہیلتھ آفیسر وزارتِ صحت مسقط—عمان، مہمانِ خصوصی رہیں، جبکہ محترمہ نورجہاں عمران محتشم، ٹیچر پریسٹیج انٹرنیشنل اسکول منگلورو اور سابق بتولِ انجمن ایوارڈ یافتہ، اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوئیں۔ دونوں معزز مہمانوں نے طالبات کی علمی، اخلاقی اور سماجی ترقی کے موضوعات پر مفید رہنمائی پیش کی۔
تقریب کا آغاز مریم سدی باپا کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مناظرہ طیّبہ نے نعتِ پاک پیش کی۔ محترمہ نصرت جہاں گنگولی نے مہمانوں کا تعارف اور استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ ہیڈ مسٹریس محترمہ آسیہ اے جی نے سالانہ رپورٹ پڑھ کر سنائی۔ مجلس کی صدارت چیئرپرسن انجمن لیڈیز ایڈوائزری کونسل محترمہ سیما ابوبکر قاسمجی نے انجام دی۔
سالانہ گیدرنگ میں بتولِ انجمن کے لیے منتخب ہونے والی طالبہ آمنہ رمثہ نے اس سال مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر نو ایوارڈس حاصل کیے، جن میں انگریزی مضمون نویسی، انگریزی، ہندی اور اردو تقریر، شطرنج، سماجی سرگرمیاں، اردو مضمون نویسی، ڈاج بال اور کلچرل لیڈر شپ شامل ہیں۔ آمنہ رمثہ نے انٹر اسکول مقابلوں سمیت پرتیبھا کارنجی جیسے بڑے پلیٹ فارمز پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بتولِ انجمن جیسے باوقار اعزاز کا اعلان ہوتے ہی ساتھی طالبات نے انہیں پھولوں کی مالائیں پہنا کر مبارکباد پیش کی۔