بھٹکل، 29 / جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے سرکاری محکمہ جات میں باضابطہ طور پر افسران کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے 20 سے زائد شعبہ جات میں انچارج آفیسر یا عہدیدار ہی کام کاج چلا رہے ہیں ۔ اس سے عوامی مسائل کے حل میں پیش آنے والی دشواریوں اور رکاوٹوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔
سب سے پہلے اگر بھٹکل سب ڈیویژن کی بات کریں تو یہاں اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ خالی ہے اور سرسی کی اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی بھٹکل کے لئے کارگزار اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہفتے میں دو دن بھٹکل کے دفتر میں حاضری دیتی ہیں ۔ تعلقہ پنچایت کے ایگزیٹیو آفیسر کی ذمہ داری بھی انچارج کے طور پر بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش نائیک سنبھال رہے ہیں ۔
بھٹکل ٹاون میونسپل کاونسل میں انجینئر کے عہدے پر مامور وینکٹیش ناوڈا ٹاون میونسپل کونسل (ٹی ایم سی) کے انچارج چیف آفیسر کا عہدہ بھی سنبھال رہے ہیں جبکہ ریوینیو ڈپارٹمنٹ میں فوڈ انسپکٹر کی ذمہ داری انچارج کے طور پر سیکنڈ ڈیویژن اسسٹنٹ اودئے تلوار کے سر ڈال دی گئی ہے ۔ پی ڈبلیو ڈی محکمہ میں جونیئر انجینئر سوجئے کو انچارج اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کا عہدہ دیا گیا ہے ۔
رورل واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن محکمہ میں جونیر انجینئر گنیش کو ہی انچارج کے عہدے پر رکھا گیا ہے ۔ بھٹکل اسسٹنٹ ڈائریکٹر اگریکلچر کی ذمہ داری انچارج کے طور پر انکولہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شریدھر کو دی گئی ہے۔
بھٹکل میں موجود جانوروں کے اسپتال کے انچارج ذمہ دار کے طورپر ہوناور اسپتال کے ڈاکٹر بسپّا کو مامور کیا گیا ہے ۔ اسی طرح اگریکلچرل آفیسر شرن کمار کو محکمہ باغبانی میں کارگزار اسسٹنٹ ہورٹیکلچر ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ ماوین کوروے میں بندرگاہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داری محکمہ ماہی گیری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے حصے میں ڈالی گئی ہے اور اس بات کو کئی دہائیوں کا عرصہ گزر گیا ہے ۔
ایک طرف چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر کا عہدہ انچارج کی حیثیت سے سپرنٹنڈنٹ سوشیلا موگیر سنبھال رہی ہیں تو دوسری طرف سوشیل ویلفیئر محکمہ کی منیجر گیتا ہیگڑے کو انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی کرسی سنبھالنی پڑ رہی ہے ۔ بیک ورڈ کلاس ویلفیئر محکمہ میں انچارج ایکسٹینشن آفیسر کے طور پر وی وی بھٹ کو ذمہ دار بنایا گیا ہے ۔ ڈپارٹمنٹ آف انڈسٹریز میں گزشتہ تین سال سے ایکسٹینشن آفیسر لاپتہ ہے ۔ لیبر ڈپارٹمنٹ میں گرو نائک انچارج انسپکٹر ہے تو انچارج سب رجسٹرار کے طور پر فرسٹ ڈیویژن اسسٹنٹ فخرالدین کام سنبھال رہے ہیں ۔ کیشیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی ذمہ داری کارگزار کے طورپر فاریسٹر پرمود ہیگلی کو سنبھالنی پڑ رہی ہے جبکہ پنچایت پی ڈی او اودئے بورکر کو تعلقہ پنچایت گرامین اُدیوگ اور پنچایت راج کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ انچارج تعلقہ پروجیکٹ آفیسر کے طور پر اسسٹنٹ اکاونٹ آفیسر راجیش مہالے کو ذمہ دار بنایا گیا ہے ۔
تعلقہ سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دینے والی تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت کا تبادلہ کیا گیا ہے مگر اس پر اسٹے رہنے کی وجہ سے ابھی اس پر عمل نہیں ہوا ہے ۔ یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ میں ٹیچر ناگراج پٹگار کا عہدہ خالی ہونے کے بعد اس پر ابھی کسی کو تعینات نہیں کیا گیا ہے ۔ اس طرح تلاش کرنے پر دیگر محکمہ جات میں خالی پڑے ہوئے یا انچارج کے سہارے چلنے والے اور بھی عہدے نکل سکتے ہیں ۔
کہا جاتا ہے کہ اسامیوں کی بھرتی کے سلسلے میں برسوں سے چل رہی سیاست دانوں کی دخل اندازی ہی اس مسئلے کی اصل جڑ ہے ۔ اس صورت حال میں ایک اہم ترین پہلو یہ ہے کہ بھٹکل ہوناور حلقے سے چنے گئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا ہی اس وقت ضلع انچارج وزیر کے طور پر حکومت میں شامل ہیں ۔ اب انہی کے حلقے میں اتنے سارے محکمہ جات میں چھوٹے بڑے عہدوں پر اتنی بڑی تعداد میں اسامیاں خالی پڑی رہنا اور ان سب کو انچارج افسران کے سہارے چلانا ایک درست اور چاق و چوبند سرکاری نظام اور عوام دوست حکومت سے وابستہ توقعات کے بالکل منافی ہے ۔ افسوس اس بات پر ہے کہ اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کی سنجیدہ کوشش ضلع انچارج وزیر کی طرف سے بھی ہوتی ہوئی نظر نہیں آرہی ہے۔
ضلع ریونینو ڈپارٹمنٹ میں خالی ہیں 300 اسامیاں : ا گر ضلع اتر کنڑا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو یہاں صرف ریوینیو ڈپارٹمنٹ میں تقریباً 300 عہدے خالی پڑے ہیں ۔ اس وقت ضلع کے چار ریوینیو علاقوں کے لئے صرف دو خواتین اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں کیونکہ بھٹکل اور کاروار میں اسسٹنٹ کمشنروں کے عہدوں کی تعیناتی نہیں کی گئی ہے ۔ کاروار کے لئے کمٹہ کی اسسٹنٹ کمشنر اور بھٹکل کے لئے سرسی کی اسسٹنٹ کمشنر کو کارگزار ذمہ دار بنایا گیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ڈسٹرکٹ اسپیشل آفیسر، اسپیشل لینڈ ایکویزیشن آفیسر کے علاوہ پورے ضلع میں سیکنڈ ڈیویژن اسسٹنٹ کی 57 اسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ نچلے درجے کے اہلکاروں کے ریٹائر ہونے کے بعد ان کی جگہ پر نئے اسامیوں کی بھرتی ہی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے خالی اسامیوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔
ضلع کے ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے لئے مختلف عہدوں پر 904 اسامیاں بھرنے کے لئے منظوری ملی تھی ۔ اس میں سے صرف 637 منصبوں پر افسران اور اہلکاروں کی بھرتی ہوئی ہے ۔