
مینگلور، یکم / جنوری (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ بنٹوال کے موڈونادوگڈو گاوں میں رات کے وقت پیش آئے واقعہ میں ایک نوجوان اپنے گھر کی چھت سے نیچے گرنے کی وجہ سے فوت ہو گیا۔
فوت ہونے والے نوجوان کا نام پروین (26 سال) بتایا گیا ہے ۔ اس کے بھائی پرساد کی طرف سے پونجلکٹے پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق اس کا بھائی حادثاتی طور پر چھت سے گر گیا تھا ۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ پرساد اور پروین دونوں بھائی روزانہ رات کا کھانا کھانے کے بعد ٹیریس پر بیٹھ کر گپ شپ کیا کرتے تھے ۔ معمول کے مطابق 30 دسمبر کی رات کو بھی دس بجے تک وہ دونوں ٹیریس پر ہی تھے ۔ پھر پرساد نیچے آ گیا جبکہ اس کا بھائی پروین فون پر بات چیت کرتے ہوئے چھت پر رکا رہا ۔ تقریباً دس منٹ بعد اچانک کسی وزنی چیز کے گرنے کی آواز سن کر پرساد، اس کی ماں اور بہن گھر سے باہر آئے تو وہاں پروین بے ہوش پڑا ہوا تھا ۔
پرساد کا کہنا ہے کہ پروین کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈیوٹی ڈاکٹر نے معائنہ کے بعد اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کر دی ۔ پرساد نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ اسے ایک غیر مشتبہ معاملہ قرار دیتے ہوئے دیگر ضروری کارروائی مکمل کی جائے ۔
پروین کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ ایک بار میں ملازمت کرتا تھا ۔ بنٹوال دیہی پولیس نے کیس رجسٹر کر لیا ہے ۔