ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رنجیتا قتل کی مذمت میں یلاپور بند، ہندو تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

رنجیتا قتل کی مذمت میں یلاپور بند، ہندو تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

Sun, 04 Jan 2026 17:57:12    S O News
رنجیتا قتل کی مذمت میں یلاپور بند، ہندو تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

یلّاپور، 4 جنوری (ایس او نیوز): ہفتہ کے روز رنجیتا نامی طلاق یافتہ خاتون کے قتل کے خلاف  آج اتوار کو ہندو تنظیموں کی جانب سے دی گئی یلاپور بند کی اپیل پر عوام نے اپنے کاروباری ادارے بند رکھ کر احتجاج کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں نے خاموش احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی سخت مذمت کی۔

احتجاج میں شامل افراد یلاپور کے بسویشور چوراہے پر جمع ہوئے، جہاں انہوں نے رنجیتا کی موت پر اظہارِ تعزیت کیا اور قتل کے ملزم  رفیق کے اقدام کی شدید مذمت کی۔ اس دوران اگرچہ رفیق کی خودکشی کی خبر سامنے آچکی تھی، اس کے باوجود مظاہرین نے احتجاج واپس نہیں لیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانون بنایا جائے، جس کے تحت دھرنا بھی دیا گیا۔

بند کے دوران قصبے کی بیشتر دکانیں اور تجارتی ادارے بند رہے۔ احتجاج کے دوران مچھلی بازار میں کاروبار جاری رہنے کی اطلاع پر مظاہرین نے ناراضی ظاہر کی، جس کے بعد کچھ ہی دیر میں مچھلی بازار بھی بند کر دیا گیا۔ اگرچہ احتجاج میں جوش و خروش دیکھا گیا، تاہم گاڑیوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی۔

پرامن احتجاج کے پیشِ نظر پولیس کی جانب سے مناسب بندوبست کیا گیا تھا۔ کاروار سے ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) دیپن ایم این کی قیادت میں سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی پر مامور کیا گیا تھا۔

احتجاج کے دوران بعض مقررین نے اس واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش بھی کی۔ بی جے پی کے قائدین نے کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض افراد نے ان خیالات کی تائید کی، جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ کسی کی موت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ مظاہرین نے ہندو دھرم پر ہونے والے مبینہ حملوں کے خلاف بھی آواز بلند کی۔

بی جے پی کارکنان نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر رنجیتا کے گھر کا دورہ کریں اور کانگریس کے قائدین بھی آگے آکر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ بند کے سبب اتوار کو یلاپور میں لگنے والی ہفتہ وار منڈی بھی اچانک منسوخ کر دی گئی۔ بعض تاجر قصبے کے مضافاتی علاقوں میں کاروبار کرتے نظر آئے، جبکہ ہلیال کراس کے قریب چند افراد سبزیاں فروخت کر کے واپس لوٹ گئے۔

اس خبر سے متعلق پہلے شائع شدہ رپورٹ:
یلاپور میں خاتون کو چاقو گھونپ کر قتل کرنے والے ملزم نے خودکشی کر لی


Share: