ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب شیرور نیشنل ہائی وے پر منی لاری نے دی آٹو رکشہ کو پیچھے سے ٹکر؛ آٹو ڈرائیور کی موقع پر موت

بھٹکل کے قریب شیرور نیشنل ہائی وے پر منی لاری نے دی آٹو رکشہ کو پیچھے سے ٹکر؛ آٹو ڈرائیور کی موقع پر موت

Sat, 18 Oct 2025 23:26:47    S O News
بھٹکل کے قریب شیرور نیشنل ہائی وے پر منی لاری نے دی آٹو رکشہ کو پیچھے سے ٹکر؛ آٹو ڈرائیور کی موقع پر موت

بھٹکل 18 اکتوبر(ایس او نیوز): پڑوسی ضلع اُڈپی کے شیرور نیشنل ہائی وے پر سنیچر کی دوپہر پیش آئے ایک دردناک حادثے میں آٹو رکشہ ڈرائیورکی موقع پرہی موت ہوگئی۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار منی لاری نے آٹو رکشہ کو پیچھے سے ٹکرمار دی۔

ہلاک ہونے والے ڈرائیور کی شناخت شیرور نورانی مسجد کے قریب رہنے والے کرا الیاس (48) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، الیاس اپنے آٹو رکشہ پر گرین ویلی اسکول میں اپنی ایک رشتہ دار کو چھوڑ کر واپس لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران اُڈپی سے انکولہ کی جانب جانے والی منی لاری، جو مچھلیاں خالی کرکے واپس آرہی تھی، نے ان کے رکشہ کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماردی۔

ٹکر کے نتیجے میں الیاس آٹو رکشہ سے باہر جاگرے اور ان کا سر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، جس کے باعث ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثہ دوپہر تقریباً بارہ بجے عائشہ مسجد کے قریب پیش آیا۔

اطلاع ملتے ہی بیندورپولیس جائے وقوع پر پہنچی اورنعش کو بیندورکے سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد سنیچر شام کو میت لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ رات تقریباً گیارہ بجے نورانی مسجد میں نمازِ جنازہ کے بعد قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

معلوم ہوا ہے کہ مرحوم الیاس کا سسرال بھٹکل جامعہ آباد میں ہے، جب کہ ان کا 22 سالہ بیٹا حیدرآباد میں تعلیم حاصل کررہا ہے۔ والد کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی وہ فوراً شیرور پہنچ گیا اور جنازے میں شریک ہوا۔

پولیس نے اس حادثے کے سلسلے میں منی لاری ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Click here for report in English


Share: