مینگلورو، 9 /فروری (ایس او نیوز) مینگلور سے قریب 60 کلو میٹر دور ضلع دکشن کنڑا کے بیلتنگڈی تعلقہ کے سودےمُگیرُو (Sudemugeru) علاقے میں کالج جا رہی ایک نابالغ طالبہ کے اغوا کی سنسنی خیز کوشش سامنے آئی ہے۔ اطلاع کے مطابق تین نامعلوم نوجوانوں نے اومنی کار میں سوار ہو کر طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم طالبہ کی مزاحمت اور چیخ و پکار کے باعث ملزمان موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، واقعہ پیر کی صبح تقریباً 8:30 بجے پیش آیا۔ متاثرہ طالبہ، جو فرسٹ پی یو سی کی طالبہ ہے اور بیلتنگڈی ٹاؤن کے سودےمُگیرُو علاقے کی رہائشی ہے، اسکوٹر پر سنتے کٹّہ بس اسٹاپ جا رہی تھی تاکہ وہاں سے بس کے ذریعے کالج پہنچ سکے۔
اسی دوران ایک ماروتی اومنی کار میں سوار تین نامعلوم افراد نے، جن کی گاڑی کا نمبر پلیٹ کپڑے سے ڈھکا ہوا تھا، طالبہ کا راستہ روکا اور اسکوٹر کو آڑے لگا کر زبردستی طالبہ کو گاڑی کے اندر کھینچنے کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے اپنے چہروں پر بھی کپڑا باندھ رکھا تھا۔
طالبہ نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زور زور سے چیخنا شروع کیا اور سخت مزاحمت کی۔ اسی دوران پیچھے سے ایک اور اسکوٹر آتا دیکھ کر ملزمان بوکھلا گئے اور فرار ہونے سے قبل انہوں نے طالبہ پر چاقو سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اس کے ہاتھ اور انگلی میں زخم آئے، اور پھر کار میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گئے۔
زخمی طالبہ کو فوری طور پر بیلتنگڈی تعلقہ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی بیلتنگڈی پولیس اسپتال پہنچی، طالبہ کا بیان درج کیا اور واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف زاویوں سے جانچ شروع کر دی ہے، جن میں اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔