بھٹکل، یکم فروری (ایس او نیوز): بھٹکل نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثات کا سلسلہ تھمتا نظر نہیں آ رہا ہے۔ تازہ پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی، جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ مرڈیشور پولیس تھانہ حدود میں بینگرے نیشنل ہائی وے پر جمعہ کی شب پیش آیا، جب دو موٹر بائک آپس میں ٹکرا گئیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثے میں شدید طور پر زخمی ہونے والے بینگرے کے رہائشی ناگراج نائک (30) کو بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد منی پال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ ہفتہ کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

اطلاع کے مطابق سچن مروگا اپنی موٹر بائک پر بھٹکل سے مرڈیشور کی جانب جا رہا تھا۔ اسی دوران بینگرے کے ماوین کٹّہ–کوکتی کراس کے قریب اس کی موٹر بائک ناگراج کی موٹر بائک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ناگراج کی موٹر بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار منجوناتھ ماستی نائک (26) کے منہ، ہاتھ اور پیر میں چوٹیں آئی ہیں، جبکہ دوسری موٹر بائک پر سوار سچن اور مدن کو بھی زخم آئے ہیں۔
اس سلسلے میں مرڈیشور پولیس تھانے میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس مزید جانچ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھٹکل نیشنل ہائی وے پر اکثر حادثات ہائی وے کی کراسنگ کے قریب پیش آ رہے ہیں۔ سمجھا جا رہا ہے کہ جب کوئی سواری ہائی وے سے گزر رہی ہوتی ہے اور کسی کراس سے اچانک دوسری سواری باہر آ جاتی ہے تو تیز رفتار گاڑی کی زد میں آنے سے حادثات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔