بھٹکل، 31 جنوری (ایس او نیوز): انجمن پی یو کالج، بھٹکل میں سالانہ تقریب کا انعقاد جمعرات، 29 جنوری کو صبح 9:30 بجے کالج کیمپس میں کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی بھٹکل جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے انسانیت کی خدمت اور رضائے الٰہی کے حصول کو تعلیم کا اہم مقصد قرار دیا۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محض تعلیمی ڈگریوں کے حصول تک خود کو محدود نہ رکھیں، بلکہ عمدہ اخلاق، مضبوط کردار اور اعلیٰ اقدار کی تعمیر پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ تعلیم کے بعد خواہ کوئی بھی پیشہ اختیار کیا جائے—چاہے وہ ڈاکٹر ہو، انجینئر ہو، سائنسدان ہو یا سیاستدان—سب سے پہلی ترجیح ایک اچھا انسان بننا ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وقت کی قدر و قیمت اور ٹائم مینجمنٹ پر زور دیتے ہوئے اسے کامیابی اور نظم و ضبط کی بنیاد قرار دیا، اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے وقت کی قدر کریں، روزمرہ معمولات کو منظم کریں اور سستی و کاہلی سے بچیں۔

اسکول کے ایک طالب علم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے جلسے کا آغاز ہوا، نعت کے بعد عبدالبدیع نے مہمانانِ گرامی اور حاضرین کا استقبال کیا، جبکہ عبدالسمیع نے غزل پیش کی۔ بعد ازاں کالج کے پرنسپل محمد مُنیب سعدا نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے نائب صدر محمد صادق پلور نے تقریب کی صدارت کی۔ عبدالرحیم دامودی اور سید محمد حیان نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ آخر میں سیحان شیخ نے اظہارِ تشکر کیا۔
تقریب میں انجمن کے جنرل سکریٹری اسحاق شابندری، کالج بورڈ سکریٹری فیاض کولا، ہائی اسکول بورڈ سکریٹری سعداللہ رکن الدین، فنکشن چیرمین شیوراما سمیت دیگر ذمہ داران اور معززین موجود تھے۔