ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ، 10 اکتوبر کو دہلی میں بڑے احتجاج کا اعلان

چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ، 10 اکتوبر کو دہلی میں بڑے احتجاج کا اعلان

Sun, 04 Oct 2026 16:47:34    S O News

ممبئی، 4/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)  کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) نے سنیچر کو دہلی میں اعلان کیا کہ  اگر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ نہیں دیتے تو ۱۰؍ اکتوبر کو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا، ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ احتجاج پرامن رہے گا۔واضح رہے کہ سی جے پی انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور خصوصی نظرثانی (SIR) مشق کے انعقاد پر کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔سی جے پی کے بانی اور کنوینر ابھیجیت دپکے نے کہا کہ اگر کمار نے استعفیٰ نہ دیا تو ملک بھر کے شہری اور تحریک کے اراکین نئی دہلی میں جنتر منتر پر احتجاج کے لیے جمع ہوں گے۔بعد ازاں دپکے نے کہا، ’’اور اگر دہلی پولیس ہمیں روکنے کی کوشش کرتی ہے، تو جہاں بھی وہ ہمیں روکیں گے وہ ہمارا جنتر منتر بن جائے گا۔ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا۔ ہم مہاتما گاندھی کے دکھائے ہوئے راستے پر چلیں گے۔ ‘‘

جبکہ سی جے پی کے بیان کے مطابق، احتجاج سختی سے عدم تشدد کے فلسفے پر عمل کرے گا، جو جمہوری اداروں میں عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے تاریخی سول نافرمانی تحریک سے رہنمائی لے گا۔علاوہ ازیںپارٹی قیادت نے کہا کہ ،’’بیوروکریٹک رکاوٹیں‘‘ تحریک کو نہیں روک پائیں گی اور اس کے عزم کے ثبوت کے طور پر گزشتہطویل مظاہروں اور حالیہ حراستوں کی طرف اشارہ کیا۔دپکے نے کہا، ’’یہ ہماری جمہوریت کو بچانے کی لڑائی ہے۔ہر شہری جو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتا ہے اسے۱۰؍ اکتوبر کو ہمارے ساتھ شامل ہونا چاہیے۔‘‘

ذہن نشین رہے کہ یہ بیان سی جے پی کی جانب سے ممبئی کے شیواجی پارک میں احتجاج کے ایک دن بعد آیا ہے، جہاں انتخابی فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں پر کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کے لیے پولیس پابندیوں کے باوجود ہزاروں لوگ جمع ہوئے تھے۔ممبئی احتجاج میں بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ اگر کمار نے استعفیٰ نہ دیا تو دہلی میں نئے سرے سے احتجاج کیا جائےگا۔


Share: