ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی کے گھاٹ کوپر میں لینڈ سلائیڈنگ، 6 ہلاک؛ 4 زخمی، مزید افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ

ممبئی کے گھاٹ کوپر میں لینڈ سلائیڈنگ، 6 ہلاک؛ 4 زخمی، مزید افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ

Wed, 12 Aug 2026 17:11:22    S O News
ممبئی کے گھاٹ کوپر میں لینڈ سلائیڈنگ، 6 ہلاک؛ 4 زخمی، مزید افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ

ممبئی ، 12/ اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)ملک کی صنعتی راجدھانی ممبئی میں بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح موسلا دھار بارش کے بعد ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں مٹی کے تودے گرنے سے چھ افراد کی موت ہو گئی اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ مہلوکین میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ چراغ نگر کے اشوک نگر علاقے میں واقع غوسیہ چال میں صبح 3:48 بجے مٹی کا تودہ گرا۔

برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے عہدیداروں نے بتایا کہ ایک پہاڑی سے مٹی اور ملبہ دو یا تین مکانات پر گرا، جس سے جانی اور مالی نقصان ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ گھاٹ کوپر کے بلدیہ کے زیر انتظام راج واڑی اسپتال میں چھ لوگوں کو مردہ قرار دیا گیا۔

میونسپل اہلکار نے مرنے والوں کی شناخت محمد سمیر انصاری (14)، ساحل حسین عبدالقازی (19)، ایک نامعلوم شخص جس کی عمر 45 سال، ابان عارف شیخ (2)، منات عارف شیخ (4) اور مرجینا عارف شیخ (27) کے طور پر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چار زخمی افراد - سہیل انصاری (18)، محمد انصاری (14)، نعیم الدین اقبال خان (28) اور ساجد انصاری (16) کو کرلا کے بھابھا اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔

حکام کے مطابق، ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ متاثرہ علاقے تک رسائی کا راستہ بہت تنگ ہے- یہاں سے ایک وقت میں صرف ایک شخص ہی گزر سکتا ہے، جس سے بھاری مشینری کی تعیناتی مشکل ہو گئی ہے۔

فائر بریگیڈ، پولیس، این ڈی آر ایف، ایمبولینس خدمات اور میونسپل وارڈ کے عملے کی ٹیموں کے ساتھ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں امداد کی یقین دہانی کرائی۔ میئر نے مہلوکین کے لواحقین کو فی کس چار لاکھ روپے اور ہر زخمی کے علاج کے لیے 50 ہزار روپے کی فوری مالی امداد کا اعلان کیا۔

انہوں نے ریسکیو آپریشن میں شامل اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کوششیں تیز کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

انتظامیہ صورتحال اور جاری ریسکیو آپریشن پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔


Share: