اگرتلہ ، 16؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تری پورہ کے وزیر اعلی مانک سرکار نے لوگوں کی سہولت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی سے 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو 30؍دسمبر تک بازار میں چلنے دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نقد رقم کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مرکز اور ریزرو بینک بھی شاید اس حقیقت سے آگاہ ہیں۔ سرکار نے کل وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہاکہ حالات کو دیکھتے ہوئے میں نے حکومت سے طے کی گئی میعاد 30؍دسمبر اور متبادل انتظام ہونے تک 500اور 1000 روپے کے پرانے نوٹوں کو چلنے دینے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے دیہی بینکوں میں کافی مقدار میں نقد رقم فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے تاکہ دیہی علاقوں کے لوگوں کو نقد رقم جمع کرنے یا نکلوانے کے لیے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔