ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور میں المناک حادثہ - تین اسکولی بچے ہوگئے غرقاب

کنداپور میں المناک حادثہ - تین اسکولی بچے ہوگئے غرقاب

Wed, 15 Oct 2025 16:54:14    S O News

کنداپور، 15 / اکتوبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے کرمنجیشور میں ہوساہیتلو ساحل پر کل شام ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں تین اسکولی بچے سمندر میں اترنے کے بعد غرقاب ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی زندہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق سمندر میں ڈوبنے والے بچوں کی شناخت سنکیت (16 سال)، سورج (15 سال)  اور آشیش (14 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ سب مقامی بچے تھے جو سمندر میں موج مستی کے لئے اترے تھے جس کے دوران تیز موجوں کی زد میں آ گئے اور سمندر میں ڈوب گئے ۔ ان تینوں کی لاشوں کو بعد میں سمندر سے بازیافت کیا گیا ۔ 
    
خیال رہے کہ کنداپور تعلقہ کے ساحلی علاقے میں گزشتہ ایک مہینے کے عرصے میں پیش آنے والا یہ تیسرا حادثہ ہے اور ایسے المناک حادثوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے مقامی لوگوں میں تشویش دیکھی جا رہی ہے ۔ اس سے قبل 7 ستمبر کو گوپاڈی میں چارکیکاڈو ساحل پر بینگلورو سے سیاحت کے لئے آئے ہوئے تین طالب علم ڈوب گئے تھے، جبکہ ایک کی جان بچا لی گئی تھی ۔  3 اکتوبر کو مرونتے ساحل پر بینگلورو کے دو طالب علم کو موجیں سمندر میں بہا لے گئی تھیں جنہیں کے این ڈی کے اہلکاروں نے بچا لیا تھا ۔ جبکہ کل کے حادثے میں تین لڑکے موت کا شکار ہوگئے ۔
    
دستیاب اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ گزشتہ چار سال کے عرصے میں 14 سے 25 سال عمر کے 11 نوجوان بیندور اور کنداپور تعلقہ کے ساحلوں پر ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں ۔ 

 ان بڑھتے ہوئے المناک حادثات کے تعلق سے مقامی لوگوں کا احساس ہے کہ نوجوان لڑکے اور سیاح ساحلوں کے قریب پانی کی گہرائی اور موجوں کی طاقت کا اندازہ لگانے میں ناکام رہتے ہیں اور خطرات کی پروا کیے بغیر تیرنے یا موجوں کے ساتھ مستی کرنے میں مگن ہو جاتے ہیں ۔ اس لئے بچوں کے والدین کو زیادہ چوکنا رہنا چاہیے اور جب ساحل سمندر کی سیر و تفریح کر رہے ہوں تو کم عمر بچوں، نوجوانوں اور خواتین کی نگرانی کرنا چاہیے اور سخت احتیاط کا مظاہرا کرنا چاہیے ۔


Share: