رائے پور،10/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے حامی سمجھے جانے والے یوگاگروبابا رام دیو نے نوٹ بند ی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیک منی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مستقبل میں 2000روپے کے نوٹوں کی چھپائی بند کرنی چاہیے۔بابا رام دیو نے رائے پور میں پریس کانفرنس میں کہاکہ وہ ہمیشہ سے بڑے نوٹ کے خلاف ہیں، بڑے نوٹوں کے مہلک اثرات نظرآنے لگے ہیں۔اب2000روپے کے جعلی نوٹ بھی آ گئے ہیں، بڑے نوٹ میں وہی مسئلہ ہے، جس پریشانی کے لیے وزیر اعظم نریندرمودی نے اسے واپس لے لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بڑا نوٹ جعلی کرنسی کی شکل میں جلدی چھپتا ہے اور اسے آسانی سے کہیں بھی بھیجا جا سکتا ہے، وہیں اس کو تلاش کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔بابا رام دیو نے کہا کہ آئندہ 2000کے نوٹوں کی پرنٹنگ بند ہونی چاہیے،وہیں چھوٹے نوٹوں کے ساتھ ہی جہاں ضروری ہو،وہاں نقد کا استعمال ہونا چاہیے، ہم جتنا ڈیجیٹل لین دین کی طرف بڑھیں گے، معیشت میں اتنی شفافیت آئے گی۔یوگا گرو نے کہا کہ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی پر مکمل بھروسہ ہے اور وہ ملک کے لیے بہترین پالیسیاں بنانے کا کام کر رہے ہیں، وہ ووٹ بینک بنانے کا کم اور ملک بنانے کا کام زیادہ کررہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ’اچھے دن‘آئیں گے۔بابا رام دیو نے نوٹ بند ی کو تاریخی اور جرات مندانہ قدم قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ ملک کی معیشت میں 80سے 85فیصد بلیک منی ہے، نوٹ کے علاوہ بلیک منی زمین، سونا، معدنیات، صحت اور تعلیم کے میدان میں بھی لگی ہوئی ہے۔وہیں جو بلیک منی ملک سے باہر ہے، وہ کام نہیں آ رہی ہے، حکومت کو ان تمام معاملوں میں کام کرنا چاہیے۔انہوں نے یقین کااظہار کیا کہ جس طرح ملک کے اندرونی نظام سے بلیک منی نکالنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں، بیرون ممالک سے بھی بلیک منی لانے کی کوشش کی جائے گی۔