ممبئی، 18 مئی (ایس او نیوز): مہاراشٹرا کے پالگھر ضلع میں ممبئی-احمد آباد نیشنل ہائی وے پر پیر کی شام پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ دہانو تعلقہ کے دھانیوری گاؤں کے قریب شام تقریباً 4 بجے پیش آیا، جب ایک آئشر ٹیمپو/چھوٹا مال بردار ٹرک، جس میں منگنی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے افراد سوار تھے، مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار کنٹینر ٹریلر سے ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق ٹیمپو ممبئی-گجرات لین میں غلط سمت (Wrong Side) پر جا رہا تھا۔ اسی دوران سامنے سے آنے والا تیز رفتار کنٹینر بے قابو ہوکر ٹیمپو سے جا ٹکرایا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کنٹینر کا باکس ٹیمپو کے بائیں حصے پر چڑھ گیا اور دونوں گاڑیاں الٹ گئیں۔ اطلاعات کے مطابق ایک موٹر سائیکل بھی اس حادثے کی زد میں آگئی۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی میں 50 سے زائد افراد سوار تھے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ کئی زخمی مسافر گاڑیوں کے نیچے پھنس گئے تھے، تاہم مقامی افراد نے پولیس اور ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔
پولیس کے مطابق پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دیگر نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑا۔ زخمیوں کو کاسا سب ڈسٹرکٹ اسپتال، دہانو کے ویدانت اسپتال اور دیگر طبی مراکز میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں کئی افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
حادثے کے بعد ممبئی-احمد آباد ہائی وے پر طویل ٹریفک جام ہوگیا، جبکہ ریسکیو ٹیموں کو تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹانے کے لیے کرینوں کی مدد لینی پڑی۔ پولیس نے کنٹینر ڈرائیور سمیت حادثے کے مختلف پہلوؤں کی جانچ شروع کردی ہے۔
مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دییندرا فڈنویس نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔