نئی دہلی،12جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس ا نڈیا)جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز ہاشم آملہ نے یہاں جوہانسبرگ میں اپنے 100ویں ٹیسٹ میچ کو یادگار بنا ڈالا۔جنوبی افریقہ کے لئے متعدد بڑی اننگز کھیلنے والے ہند نژاد اس بلے باز نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بہترین سنچری اننگز کھیلی اور اپنا نام ان چنندہ بلے بازوں میں شامل کر لیا جو 100ویں ٹیسٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔آملہ نے رنگنا ہیراتھ کی گیند پر چوکا جماکر اپنی سنچری مکمل کی۔
اس کارنامے کو انجام دینے والے پہلے بلے باز کولن کاڈرے تھے جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 1968میں 104رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ان کے علاوہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ایلک سٹیورٹ نے بھی یہ کمال کیا ہے۔اسٹیورٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سال 2000میں 105رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کے دو بلے باز جاوید میانداد اور انضمام الحق بھی اس کرشمے کو انجام دے چکے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ ان دونوں نے دیرینہ حریف ہندوستان کے خلاف ہی یہ کامیابی اپنے نام کی تھی۔ویسے تو سچن تندولکر، راہل دراوڑ، جیسے ہندوستان کے کئی بلے باز 100سے زائد ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں، لیکن کوئی ہندوستانی 100ویں ٹیسٹ میں سنچری نہیں بنا پایا ہے۔
اس معاملے میں سب سے زیادہ منفرد کارنامہ آسٹریلیا کے رکی پوٹگ کا ہے جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے 100ویں ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنا کر تاریخ ہی رقم کردی تھی۔پونٹنگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں یہ حصولیابی حاصل کی تھی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک ان بلے بازوں نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری جمائے ہیں۔
104رنز، کولن کاڈرے (انگلینڈ) آسٹریلیاکے خلاف (برمنگھم، 11جولائی 1968)
145رنز، جاوید میانداد (پاکستان)ہندوستان کے خلاف (لاہور، یکم دسمبر 1989)
149رنز، گورڈن گرینج (ویسٹ انڈیز) انگلینڈ کے خلاف(سینٹ جونز، 12 اپریل 1990)
105رنز، ایلک سٹیورٹ (انگلینڈ) ویسٹ انڈیزکے خلاف (مانچسٹر، 3اگست 2000)
184رنز، انضمام الحق (پاکستان)ہندوستان کے خلاف (بنگلور، 24مارچ، 2005)
120رنز، رکی پوٹگ (آسٹریلیا) جنوبی افریقہ کے خلاف (سڈنی، 2جنوری 2006)
143رنز(ناٹ آؤٹ)، رکی پونٹنگ (آسٹریلیا) جنوبی افریقہ کے خلاف (سڈنی، 2جنوری 2006)
131رنز، گریم سمتھ (جنوبی افریقہ)، انگلینڈکے خلاف (اوول، 19جولائی2012)