لکھنؤ،23/اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کی حکومت نے اپوزیشن کے حملے سے نمٹنے کے لئے چار نئے ترجمان مقرر کئے ہیں۔حکومت نے دونوں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما کے ساتھ ساتھ کابینہ وزیر مہندر سنگھ اور انیل راج بھر بھی اب حکومت کے ترجمان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔کابینہ وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ اور سری کانت شرما پہلے ہی ترجمان ہیں۔اب یہ لوگ حکومت کی جانب سے کسی بھی معاملے پر اپنا موقف رکھ سکتے ہیں۔ریاستی حکومت میں اب کل چھ ترجمان ہو گئے ہیں۔یہ وزیر کابینہ اجلاس کی بریفنگ کرتے ہیں۔ویسے کیشو پرساد موریا اور دنیش شرما نائب وزیر اعلی ہونے کے ناطے حکومت کی جانب سے مختلف مسائل پر ضرورت پڑنے پر حکومت کی بات رکھتے ہیں۔انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ہر طرح سے ان ترجمانوں کی مدد کرے گا اور ہر حقیقت کا ثبوت بھی فراہم کرے گا۔ذرائع کی مانیں تو اتر پردیش میں مسلسل ہو رہے واقعات پر حکومت کی طرف سے صحیح طریقے سے رزلٹ نہیں آ رہا تھا جس کو لے کر ہائی کمان بھی اپنی ناراضگی ظاہر کر چکا تھا۔اتر پردیش میں یوگی حکومت بننے کے بعد کیشو اور دنیش شرما کبھی کبھی حکومت کی بات رکھتے ہوئے نظر تو آتے تھے لیکن اب لازمی طور پر حکومت کی بات رکھیں گے۔