ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یمن:حوثی ملیشیا کی پہلے ہی روز جنگ بندی کی 185خلاف ورزیاں

یمن:حوثی ملیشیا کی پہلے ہی روز جنگ بندی کی 185خلاف ورزیاں

Mon, 21 Nov 2016 13:01:32    S.O. News Service

صنعاء،20نومبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی جانب سے اڑتالیس گھنٹے کے لیے اعلان کردہ جنگ بندی کی پہلے ہی روز 185مرتبہ خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل احمد العسیری نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا نے تعز شہر میں جنگ بندی کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا نے مآرب شہر کو نشانہ بنانے کے لیے ایک بیلسٹک میزائل چلانے کی بھی کوشش کی تھی۔ انھوں نے مجموعی طور پر جنگ بندی کی بالکل بھی پابندی نہیں کی ہے اور خلاف ورزیاں ہی کی ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف ہفتے کے روز دوپہر بارہ بجے سے اڑتالیس گھنٹے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ایک خط کے ذریعے ذاتی طور پر جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔

اس سال کے دوران سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی جانب سے یہ تیسری مرتبہ جنگ بندی کی گئی ہے۔عرب اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی اس کی پاسداری کرتے ہیں ،تعز کا محاصرہ ختم کردیتے ہیں اور اپنے زیر قبضہ علاقوں میں انسانی امداد بہم پہنچانے کی اجازت دیتے ہیں تو اس میں مزید بھی توسیع کی جاسکتی ہے۔بیان میں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر حوثی باغیوں یا سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں نے کوئی جنگی کارروائی کی یا کسی علاقے کی جانب پیش قدمی کی تو عرب اتحاد اس کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔اس دو روزہ جنگ بندی کے دوران عرب اتحاد یمن کے اندر کوئی کارروائی نہیں کرے گا لیکن بحری اور فضائی ناکا بندی برقرار رہے گی اور نگرانی کے جیٹ بھی یمن کی فضائی حدود میں پروازیں جاری رکھیں گے۔یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے ستمبر 2014ء میں دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے جنگ بندی کے لیے چھے مرتبہ اعلانات کیے جاچکے ہیں لیکن یہ ہر مرتبہ ٹوٹ جاتی رہی ہے۔اکتوبر میں بھی تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن یہ نفاذ کے چند لمحوں کے بعد ہی ختم ہو گئی تھی اور حوثی باغیوں نے جنگی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق یمن میں مارچ 2015ء میں عرب اتحاد کی حوثی باغیوں کے خلاف جنگی مہم کے آغاز کے بعد سے سات ہزار افراد ہلاک اور سینتیس ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔


Share: