ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گڈکری نے ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی

گڈکری نے ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی

Wed, 23 Nov 2016 11:54:09    S.O. News Service

ممبئی، 22؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے سے ممبئی کے مضافاتی علاقہ باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔شیوسینا کے چیف میڈیا مشیر ہشرل پردھان نے بتایا کہ گڈکری نے اپنی بیٹی کی شادی کا دعوت نامہ دینے کے لیے ٹھاکرے سے ملاقات کی۔نوٹ بند ی پر شیوسینا کے تیور کو لے کر بی جے پی کے سرکردہ لیڈروں اور ٹھاکرے کے درمیان ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت کے بعد یہ ملاقات اپنے آپ میں اہم مانی جارہی ہے۔اس سے پہلے، مرکزی وزیر ارون جیٹلی، وینکیا نائیڈو اور راج ناتھ سنگھ نے نوٹ بند ی کو لے کر ٹھاکرے کے اندیشوں کو حل کرنے کے لیے ان سے بات کی تھی۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ ہفتے ٹھاکرے سے بات کی تھی۔ایسا مانا جاتا ہے کہ انہوں نے نوٹ بند ی کے خلاف نکالے گئے مارچ میں شیوسینا کے شامل ہونے پر بی جے پی کی ناراضگی سے ان کو واقف کرایا تھا ، حالانکہ این ڈی اے کی اتحادی پارٹی شیوسینا اب بھی اپنے تنقیدی رخ پر جمی ہوئی ہے اور اس نے کہا کہ نوٹ بند ی کے فیصلے کو ایک بہتر طریقے سے لاگو کیا جا سکتا تھا۔غورطلب ہے کہ شیوسینا بی جے پی کی پرانی اتحادی جماعت ہے اور یہ دونوں پارٹیاں مرکز اور مہاراشٹر دونوں جگہوں میں اقتدارشریک ہیں۔ گزشتہ ہفتے شیوسینا مرکز کے نوٹ بند ی کے فیصلے کے خلاف ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی قیادت میں صدارتی محل تک نکالے گئے مارچ میں شامل ہوئی تھی۔اس مارچ میں عام آدمی پارٹی اور نیشنل کانفرنس نے بھی حصہ لیا تھا۔


Share: