پنجی، 10/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکمران بی جے پی کے لیے مشکل کھڑی کرتے ہوئے مہاراشٹروادی گومانتک پارٹی(ایم جی پی) گوا سرکشا منچ (جی ایس ایم)اور این ڈی اے کی اتحادی پارٹی شیوسینا نے اگلے ماہ آئندہ گوا اسمبلی انتخابات کے لیے آج مہاگٹھ بند ھن کی تشکیل کا اعلان کردیا۔جی ایس ایم آر ایس ایس کے باغی سبھاش ویلنگکر نے بنائی ہے جبکہ ریاست کی سب سے پرانے علاقائی پارٹی ایم جی پی نے حال ہی میں بی جے پی سے رشتہ ختم کرتے ہوئے لکشمی کانت پارسیکر کابینہ سے اپنے دو وزراء کو ہٹالیا تھا۔جی ایس ایم لیڈر ویلنگکر اور شیوسینا لیڈر سنجے راوت کی موجودگی میں ایم جی پی لیڈر سدین دھولیکر نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ آئندہ گوا اسمبلی انتخابات کے دوران یہ تینوں پارٹیاں آپس میں سیٹوں کی تقسیم کریں گی، یہ ایک جیسے نظریات والی طاقتوں کے درمیان مہاگٹھ بند ھن ہو گا۔گوا اسمبلی کی تمام 40میں سے 35سیٹوں پر انتخاب لڑ رہے مہاگٹھ بندھن نے سدین کو اپنا وزیر اعلی کے عہدے کا چہرہ بنایا ہے، تاہم انہوں نے باقی کی پانچ سیٹوں پر ابھی اپنا رخ واضح نہیں کیا۔دھولیکر نے بتایا کہ شیوسینا 4 جبکہ جی ایس ایم6 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گی، باقی بچی سیٹوں پر ایم جی پی اپنے امیدوار اتارے گی۔مرکز اور مہاراشٹر میں بی جے پی کی اتحادی جماعت شیوسینا پہلی بار گوا میں اقتدار میں آنے کی سخت کوشش کر رہی ہے۔