تروونت پور م، 17؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کیرالہ میں سی پی ایم کی قیادت والے ایل ڈی ایف اتحاد کی حکومت نے آج کہا کہ نوٹ بند ی کے بعد نقدی کے مسائل کی وجہ سے کا مرس اور کاروبار میں کمی آنے سے رواں ماہ دو ہزار کروڑ روپے کے ٹیکس نقصان کا خدشہ ہے۔بی جے پی کے ریاستی لیڈروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت نے یہ بھی کہا کہ نوٹ بند ی کے تحت ریاست میں کوآپریٹو سیکٹر کو برباد کرنے کی سیاسی سازش چل رہی ہے۔وزیر اعلی پنا رائی وجین نے پرائمری سوسائٹی اور ضلع کوآپریٹو بینکوں کو پرانے نوٹ تبدیل کرنے کی اجازت نہ دینے کے لیے مرکز کی تنقید کی اور کہا کہ کوآپرٹیو سیکٹر کو برباد کرنے کی سیاسی سازش چلی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے ریاستی لیڈروں نے باربار بیان دیا ہے کہ ریاست میں کوپریٹو سیکٹر بلیک منی کے گودام ہیں اور اس تناظر میں مرکز کا فیصلہ دیکھا جانا چاہیے ۔وجین نے بی جے پی لیڈروں کے الزامات کو بکواس قرار دیا اور کہا کہ کوآپریٹو بینکوں میں غیر اعلانیہ نقد نہیں ہے اور یہ ریاستی اسمبلی میں منظور شدہ قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر کوآپریٹو سیکٹر میں بلیک منی ہے تو قانونی جانچ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، حکومت کوآپریٹو سیکٹر کو بچانے کے لیے پابندعہد ہے ،کیونکہ یہ لوگوں کے لیے ہے اور اس میں عام آدمی کی دولت لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو کے فعال کام کاج سے ریاست مکمل بینکنگ کے درجہ کو حاصل کر سکتی ہے ۔وجین نے کہا کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے جب ان کی ملاقات ہوئی تھی ،تو انہوں نے مثبت جواب دیا تھا اور ریاست میں کوآپریٹو سیکٹر کی صورت حال سے انہیں آگاہ کیا گیا تھا۔