ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ جماعت المسلمین کی جانب سے جلسۂ سیر ت النبیؐ و اصلاح معاشرہ کا انعقاد

کمٹہ جماعت المسلمین کی جانب سے جلسۂ سیر ت النبیؐ و اصلاح معاشرہ کا انعقاد

Thu, 22 Dec 2016 11:53:36    S.O. News Service

کمٹہ 21؍دسمبر (ایس او نیوز) اصلاح معاشرہ اور سیر ت النبی ؐ کے موضوع پر کمٹہ جماعت المسلمین کے زیراہتمام ایک عظیم الشان جلسۂ عام کا انعقاد کیا گیا۔یوسف خان کمپاونڈ میں حافظ محمد طلحہ کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والا یہ جلسہ دو حصوں پر مشتمل تھا۔ پہلے سیشن کا آغازبعد نماز مغرب ہوا جو عشاء تک چلتا رہا۔اور بعد نماز عشاء شروع ہونے والا سیشن دیر رات تک جاری رہا۔

پروگرام کے پہلے حصے میں مدرسہ محمدیہ کے ننھے منے بچوں کی طرف سے قرآت اور نعتیں پیش کی گئیں۔دوسرے سیشن میں مہمانان کے خطابات ہوئے۔ حضور اکرمؐ کی سیرت پاک اور پیغام کے تعلق سے مہمان خصوصی مولاناعبدالعلیم رشادی نے پرمغز خطاب کرتے ہوئے اس طرح کے اہم موضوع پر جلسہ منعقد کرنے پر جماعت المسلمین کمٹہ کی ستائش کی۔ایک اور مہمان جناب مولانا محمد انصار قاسمی نے حضور اکرمؐ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس دنیا میں امت مسلمہ کی ذمہ داریوں اور حضور اکرم ؐ سے الفت کے تقاضوں کی طرف توجہ دلائی۔

قرآن پاک حفظ کرنے پرکمٹہ کے حافظ محمد طلحہ کی اس موقع پر تہنیت کی گئی۔اس کے علاوہ استاذ مدرسہ محمدیہ اور امام و خطیب جامعہ مسجد کمٹہ جناب مولانا منت اللہ قاسمی صاحب کی بھی تہنیت کی گئی۔مختلف مقابلوں میں حصہ لے کر کامیاب ہونے والے مدرسہ محمدیہ کے طلباء کو میمنٹو اور سرٹفکیٹس سے نوازا گیا ۔جلسے کے دوران اسٹیج پر جماعت المسلمین کے صدر جناب محمدشفیع شیخ،نائب صدر محمد محسن قاضی،کمٹہ مسلم ایسو سی ایشن کے صدرجناب اکبر ملا،امجد شیخ، مہتاب اسماعیل،ریاض خان،امین صاحب اور دیگر معززین موجود تھے۔


Share: