ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں پر درج مقدمات واپس لئے جائیں گے: پرمیشور

کسانوں پر درج مقدمات واپس لئے جائیں گے: پرمیشور

Wed, 23 Nov 2016 11:25:13    S.O. News Service

بنگلورو۔22؍نومبر(ایس او نیوز) کلسا بنڈوری اور مہادائی مسئلہ پر احتجاج میں حصہ لینے والے کسانوں کے خلاف داخل تمام مقدمات واپس لے لئے جائیں گے۔ یہ اعلان آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کیا۔ ریاستی اسمبلی میں اس سلسلے میں یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسانوں پر درج مقدمات واپس لینے کے متعلق پہلے ہی وزیراعلیٰ سدرامیا نے مکمل وضاحت کردی ہے۔ اسی لئے ان تحریکوں میں حصہ لینے والے کسانوں اور دیگر بے قصور افراد پر درج مقدمات واپس لینے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ عنقریب اس مسئلے پر ریاستی کابینہ میں بحث کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔وقفۂ سوالات میں کڑچی کے رکن اسمبلی راجو کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مہادائی تحریک کے سلسلے میں 82 افراد پر مقدمے درج کئے گئے ہیں، جبکہ کاویری تحریک کے سلسلے میں 44 افراد پر مقدمے دائر کئے گئے ہیں۔ ان تمام معاملات میں بیشتر افراد بے قصور ہیں۔اسی لئے حکومت نے ان تمام مقدمات کو واپس لینے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی طرف سے کسی بھی مسئلے پر اگر پرامن احتجاج کیا جاتاہے تو کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بعض اوقات ان احتجاجات کے دوران کسانوں پر زیادتی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ کسان اپنے حقوق کیلئے اگر تحریک چلائیں یا احتجاج کریں تو حکومت کسی طرح کی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی، بشرطیکہ ان کا یہ احتجاج قانون کے دائرہ میں ہو۔اس مرحلے میں مداخلت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کہاکہ گرفتار شدہ بہت سارے افراد بے قصور ہیں۔ مہادائی تحریک کے سلسلے میں پولیس نے جو مظالم کئے ہیں ان کی جانچ حکومت نے اعلیٰ پولیس افسران کے ذریعہ کرائی ہے۔ شٹر نے مطالبہ کیا کہ جانچ کی وہ رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔ شٹر کے اس مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے بی آر پاٹل ، اے ایس پاٹل نڑہلی اور دیگر نے بھی کسانوں پر درج مقدمات واپس لینے کی مانگ کی۔ اس موقع پر راجو نے بتایا کہ پولیس افسران نے بعض کسانوں پر ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات درج کئے ہیں ،ان تمام کا بھی جائزہ لے کر مقدمات واپس لئے جائیں۔


Share: