ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ کے خلاف گلبرگہ میں وزیر اعظم مودی کا پتلا نذر آتش

کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ کے خلاف گلبرگہ میں وزیر اعظم مودی کا پتلا نذر آتش

Tue, 29 Nov 2016 12:14:11    S.O. News Service

کانگریسی لیڈران قمرالاسلام ، اقبال احمد سرڈگی اور اصغر چلبل کا احتجاجی جلسہ سے خطاب 
گلبرگہ، 28؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا ) مرکزی حکومت کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ کے خلاف اعلان کے مطابق کانگریسی کارکنان ، ڈاکٹر محمد اصغرچلبل سابق صدر نشین گلبرگہ اربن ڈیولوپمینٹ اتھارٹی ،مئیر گلبرگہ جناب سید احمد اور کارپوریٹرس نے رکن اسمبلی گلبرگہ شمالی وسابق وزیرکرناٹک الحاج ڈاکٹر قمر الاسلام کی قیاد ت میں نہرو گنج بلاک کانگریس کمیٹی آفس سے چوک پولیس اسٹیشن تک ایک زبردست احتجاجی جلوس نکالا ۔ کئی کانگریسی کارکنان نے مرکزی حکومت کی جانب سے قبل از وقت منصوبہ سازی کے بغیرکرنسی نوٹوں کی منسوخی کے خلاف اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے تھے ۔چوک پولیس اسٹیشن پر منعقدہ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ کرنسی نوٹوں پر پابندی کے اچانک فیصلہ کے سبب آج شہریان ہند کو خود اپنے ہی کمائے ہوئے پیسوں کو حاصل کرنے کے لئے قطاریں لگاکر بینکوں کے سامنے بھکاریوں کی طرح ٹہرنا پڑ رہا ہے ۔ الحاج قمر الاسلامنے کہا کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے بالکل سچ بات کہی ہے کہ کرنسی نوٹوں پر پابندی کا فیصلہ دراصل ایک منظم اور منصوبہ بند لوٹ ہے جس سے غریب عوام کی نینند حرام ہوگئی ہے اور سارے کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں ۔ الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے بیان کے بموجب ملک کی ترقی کا فیصد 8سے گھٹ کر 5ہوگیا ہے اور یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ فیصد مزید گھٹے گا اور 3تک پہنچ جانا کوئی غیر یقینی بات نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ در اصل ایک سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے جس سے غریب عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔ الحاج قمر الاسلام نے کہاکہ ہندوستان مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر باب صاحب امبیڈکر جیسے بزرگوں کا ملک ہے یہاں پر ہٹلر، مسولینی یا پھر قذافی جیسے ڈکٹیٹرس کی طرح کی طرح راتوں رات بغیر کسی منصوبہ بندی کے کرنسی تبدیل نہیں کی جاسکتی۔الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ بیرونی ممالک کے بینکوں میں جن 648ہندوستانیوں کے کروڑ اربوں روپیوں کے کھاتے ہیں ، حکومت نے ان ناموں کی فہرست ملنے کے باوجود بھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ اس کے برخلاف آج اپنے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ سے ملک کی غریب عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ملک کا کالا دھن باہر کی بینکوں میں ہے جبکہ اندرون ملک بلیک منی کا فیصد5یا 6فیصد ہے ۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد اصغر چلبل صابق صدر نشین گلبرگہ ڈیولوپمینٹ اتھارٹی نے بھی اپنی تقاریری میں کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے سبب بے شمار مشکلات سے دوچار غریب عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے اس فیصلہ سے غریب طبقات بے شمار پریشانیوں اور مالی مشکلات میں گھر گئے ہیں ۔ کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں۔بے یقینی کی سی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کئی ایک ماہرین معاشیات کا کہنا ہیکہ ملک کے مالی حالات سدھرنے کے لئے اب کافی عرصہ درکار ہوگا ۔ رکن کرناٹک قانون ساز کونسل کرناٹک الحاج اقبال احمد سرڈگی نے منی ودھان سودھا گلبرگہ کے قریب منعقدہ احتجاجی جلسہ میں مرکزکی این ڈی اے حکومت کو کرنسی نوٹوں کی اچانک غیر منصوبہ بنداندازمیں منسوخی کے لئے تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اس فیصلہ سے آج سارے ملک کے غریب عوام سخت پریشان ہیں اور خود اپنی کمائی ہوئی رقم کے حصول کے لئے انھیں بینکوں کے آگے لائین لگانی پڑ رہی ہے۔ چوک پولیس اسٹیشن گلبرگہ پرمنعقدہ احتجاجی جلسہ کے دوران شرکاء جلسہ اور کانگریسی کارکنان نے کئی بار مرکزی کی بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بلند کئے اور کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے سبب مشکلات سے دوچار عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کردیا۔ جلسہ کے اختتام پر الحاج قمر الاسلام نے تحصیلدار گلبرگہ و ڈپٹی کمشنر گلبرگہ کی وساطت سے صدر جمہوریہ کا ایک احتجاجی یادداشت روانہ کی جس میں کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے سبب عوام کو درپیش مشکلات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ا ن عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی پر زور دیا۔احتجاجی جلسہ میں سابق مئیر مسٹر بھیم ریڈی پاٹل،سابق مئیر جناب محمد زاہد، مائینارٹی کانگریس ریاستی کمیٹی کے عہدہ دار جناب عادل سلیمان سیٹھ، بلاک کانگریس کے عہدہ دار مسٹر مودی، سابق صدر نشین آشریہ ہاؤزنگ مسٹر عبدالقدیر چونگے و دیگر شریک تھے۔ 


Share: