امرتسر 27نومبر(ایجنسی/ایس او نیوز)پاکستان میں کرتارپور کوریڈور کی سنگ بنیاد تقریب میں شامل ہونے کیلئے پنجاب کے شہری ترقیات کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کی قیادت میں ہندستانی وفد منگل کے روز پاکستان پہنچا ۔ہندستان میں رہنے والے سکھ عقیدت مندوں کو پاکستان کے کرتارپور صاحب کے درشن کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے بنائے جانے والے کوریڈور کا سنگ بنیادکل یعنی 28نومبر کو رکھا جانا ہے۔ ہندستانی حکومت نے گزشتہ ہفتہ ہی اس کوریڈور کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔
پاکستانی صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا، کہکرتارپور صاحب کوریڈور امیدوں کا گلیارا ہے۔ اس کاریڈور سے ہی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن لایا جا سکتا ہے۔ سدھو نے کہا کہ دونوں ممالک کے بیچ کرتارپور صاحب کاریڈور کو کھولنے اور تیار کرنے کے فیصلہ کا پورا کریڈٹ میرے عزیز دوست اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔
کرکٹر سے سیاستداں بنے سدھو کی قیادت میں کرتارپور صاحب پہنچنے والے ہندستانی نمائندہ وفد میں سدھو کے علاوہ فوڈ پروسیسنگ کی وزیر ہرسمرت کور بادل اور شہری رہائش گاہ کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری شامل ہیں۔ ہندستانی وفد واگھا سرحد سے پاکستان میں داخل ہوا جہاں پنجاب رینجر کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔