ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کراچی: آئل اسٹوریج ٹینک میں آگ لگنے سے 2افراد ہلاک

کراچی: آئل اسٹوریج ٹینک میں آگ لگنے سے 2افراد ہلاک

Mon, 28 Nov 2016 12:31:50    S.O. News Service

کراچی ،27؍نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کراچی میں بحیرہ عرب کے ساحلی علاقے کیماڑی میں تیل ذخیرہ کرنے کے مرکز میں ایک بڑے ٹینکر میں اچانک آگ بھرک اٹھنے سے دو افراد جھلس کر ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔حادثے کے وقت ٹینک میں ایک ہزار ٹن تیل موجود تھا جس کے جلنے سے شہر کا ماحول اور فضا دونوں بری طرح متاثر ہوئے کیوں کہ آگ پر کئی گھنٹوں بعد قابو پایا سکا۔کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کے مطابق آگ کیمیکل پی ایچ آئی ٹرمینل کے اسٹوریج ٹینک میں لگی۔ اس پر قابو پانے کے لئے 9فائر ٹینڈرز طلب کرنا پڑے جبکہ امدادی کاموں کے لئے اسنارکل کو بھی بلایا گیا۔جب ٹینک میں آگ پکڑی، تو اس وقت بہت سے افراد معمول کے مطابق ٹرمینل پرل کام میں مشغول تھے۔ آتش زدگی سے دو افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔کے پی ٹی فائر چیف کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے میں کئی گاڑیاں مصروف رہیں جن میں کے پی ٹی اور کے ایم سی دونوں اداروں کی گاڑیاں شامل ہیں۔ جبکہ آگ بجھانے کے لئے کیمیکل اور فوم استعمال کیا گیا۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق حادثے کے بعد چاروں آئل ٹرمینلز پر تیل کی ترسیل فوری طور پر روک دی گئی جبکہ حادثے کے وقت بندرگار پر 3جہاز موجود تھے جنہیں کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانے کے لئے جہازوں سے اسٹوریج تک تیل لے جانے والی پائپ لائن بند کردی گئی۔ حادثے کے وقت 17سو ٹن کیمیکل اسٹوریج میں موجود تھا۔کیماڑی آئل ٹرمینل میں ایک ہفتے میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 نومبر کو بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں دو آئل اسٹوریج ٹینکوں کو آگ لگ گئی تھی ۔ دونوں واقعات کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔


Share: