ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

Mon, 21 Nov 2016 12:32:11    S.O. News Service

کرائسٹ چرچ،20؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 8وکٹوں سے جیت لیا۔کین ولیم سن اور جیت راول کی 85 رنز کی شراکت نے نیوزی لینڈ کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی اہم برتری دلادی ۔کرائسٹ چرچ میں پاکستانی بالرز 105رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے لیکن اس کا ذمہ دار انھیں نہیں بلکہ بیٹسمینوں کو قرار دیا جائے گا جنہوں نے عملاً صرف تین دن کے کھیل میں دونوں اننگز میں انتہائی مایوس کن بیٹنگ سے پاکستانی ٹیم کی شکست کا سکرپٹ لکھ دیا تھا۔میچ کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم نے 129رنز 7کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز شروع کی تو ایک فائیٹنگ ہدف مقرر کرنے کے لیے اسے اسد شفیق اور ٹیل اینڈرز سے کسی معجزاتی کارکردگی کی توقع تھی جو پوری نہ ہوسکی۔اگر پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کو 105رنز کا ہدف دے پائی تو یہ بھی سہیل خان کی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے ممکن ہوسکا جنہوں نے 39گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکے کی مدد سے 40رنز بنا ڈالے۔انھوں نے مستند بیٹسمین اسد شفیق کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 53رنز کا اضافہ کیا۔اسد شفیق 8 کے اسکور پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کی اپیل پر ناٹ آؤٹ دیے گئے ۔نیوزی لینڈ کی بدقسمتی کہ اس کے دونوں ریویوز تیسرے دن استعمال ہوچکے تھے۔سہیل خان کے آؤٹ ہونے کے بعد اسد شفیق بولنگ پر حاوی نہ ہوسکے اور صرف 17رنز بناکر جیت راول کے انتہائی شاندار کیچ پر پویلین کی راہ دیکھنے پر مجبور ہوگئے۔ٹم ساؤدی نے راحت علی کو لیتھم کے ہاتھوں کیچ کراکر اننگز میں اپنی تیسری وکٹ حاصل کی اور پاکستانی اننگز کا 171پر خاتمہ کردیا۔

نیوزی لینڈ نے 19کے اسکور پر لیتھم کی وکٹ محمد عامر کی گیند پر گنوائی تو پاکستانی ٹیم مزید کامیابیوں کے لیے پرتول رہی تھی لیکن پہلی اننگز میں ناکام ہونے والے کین ولیم سن اس بار پاکستانی بولرز کو کوئی موقع دینے کے لیے تیار نہ تھے ۔انھوں نے جیت راول کے ساتھ 85رنز کی شراکت قائم کر کے مصباح الحق کی مایوسی میں اضافہ کردیا۔پاکستانی ٹیم کو دوسری کامیابی اس وقت مل سکی جب نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔کین ولیم سن 61رنز بناکر اظہرعلی کی وکٹ بنے جس کے بعد جیت راول اور ہنری نکلس نیوزی لینڈ کو جیت سے ہمکنار کرگئے۔ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے جیت راول جنہوں نے پہلی اننگز میں نصف سنچری بنائی تھی اس بار 36رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔جیت راول اور کالن ڈی گرینڈ ہوم کو اپنے اولین ٹیسٹ میں قابل ذکر کارکردگی کا ثمر مشترکہ مین آف دی میچ ایوارڈ کی صورت میں ملا۔


Share: