کاروار 28/اکتوبر (ایس او نیوز) کاروار کی اہم سڑکوں پر جو ہفتہ واری بازار لگتا تھا اس سے عوام کو چلنے پھرنے میں دشواری کے ساتھ ٹریفک کے بہت سارے مسائل کھڑے ہورہے تھے۔ جس کے پیش نظر کاروار بلدیہ نے کے ای بی کے قریب واقع4 ایکڑ زمین پر ہفتہ واری بازار کو منتقل کرنے کا حکم جاری کردیاتھا۔
بلدیہ کے اس فیصلے کے خلاف ہفتہ واری بازار کے بیوپاریوں نے بابو شیخ کی قیادت میں ایم جی روڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر قابو پانے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور دو لوگوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ کی طرف سے قریب میں کاروار کوڈی باغ راستے پر ترکاری اور پھل فروٹ والوں کو کاروبار کی جو اجازت دی گئی ہے۔ اس سے ہفتہ واری مارکیٹ جانے کا راستہ بہت ہی تنگ ہوگیا ہے۔ اس سے لوگوں کو آنے جانے میں تکلیف ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ نئی مارکیٹ کے قریب ہی گندہ نالہ واقع ہونے سے اس علاقے میں بے انتہا بدبو پھیلی ہوئی ہے۔اس سے اس جگہ پر خرید و فرخت کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔اس لئے پرانی جگہ پر ہی ہفتہ واری مارکیٹ لگانے کی اجازت دی جائے۔
احتجاجی مظاہرہ کی خبر ملنے پر ایم ایل اے ستیش سائیل نے موقع پر پہنچ کرمظاہرین کو سمجھایا اور کہاکہ اس ہفتے کسی طرح ایڈجسٹ کرلیں۔ آئندہ اس مسئلے پر پھر غور کرتے ہوئے اس کا حل نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ کے ای بی کے قریب والی بلدیہ کی4ایکڑ زمین پر ناجائز قبضہ ہٹا کر وہاں پر ایک خوبصورت ترکاری مارکیٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔اس کے لئے سب کی طرف سے تعاون ملنا چاہیے۔
لیکن احتجاجیوں نے ایم ایل اے کی بات ماننے سے انکار کیااور ضد پر اڑے رہے۔اس پر پولیس نے ہلکا سا لاٹھی چارج کیا اور مظاہرے کی قیادت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔اس کے بعد ایم ایل اے ستیش سائیل نے ہفتہ واری مارکیٹ کے نئے مقام پر پہنچ کر وہاں کے حالات کا جائزہ لیا اور وہاں کے مسائل جلد ہی حل کرنے کا یقین دلایا۔