ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پولیس جوانوں کیلئے گیارہ ہزار مکانات کی تعمیر کا منصوبہ : پرمیشور

پولیس جوانوں کیلئے گیارہ ہزار مکانات کی تعمیر کا منصوبہ : پرمیشور

Wed, 30 Nov 2016 12:18:39    S.O. News Service

بنگلورو۔29؍نومبر(ایس او نیوز) پولیس جوانوں کو ہاؤزنگ کی سہولت مہیا کرانے کیلئے 1818 کروڑ روپیوں کی لاگت پر گیارہ ہزار مکانات کی تعمیر کا ایک انوکھا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ بات آج ریاستی اسمبلی میں وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتائی۔ وقفۂ سوالات میں اپاجی ناڈا گوڈا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ پولیس ہاؤزنگ 2020منصوبے کے تحت ان مکانات کی تعمیر تین مرحلوں میں کی جارہی ہے۔پہلے مرحلے میں 2786 مکانات تعمیر کرکے جوانوں کو مہیا کرائے جاچکے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 4016مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے،جبکہ تیسرے مرحلے میں 4198مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیجاپور کے مدے بہال تعلقہ میں پولیس جوانوں کیلئے ہاؤزنگ سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سدلگٹہ کے جنگم کوٹے کراس کے قریب پولیس تھانہ قائم کیاگیا ہے۔ قومی پولیس کمیشن کے معیارات کے مطابق فی الوقت اس پولیس تھانہ کو کل وقتی تھانہ کا درجہ دینے کے مطالبہ کو وزیر موصوف نے ناممکن قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ آئے دن ریاست میں خواتین اور بچوں کے اغوا اور ان کی غیر قانونی فروخت کی شکایات کو حکومت نے کافی سنجیدگی سے لیا ہے، ان واقعات پر روک لگانے کیلئے 40پولیس تھانوں کی حدود میں خصوصی ٹاسک فور س قائم کیا گیا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کے سلسلے میں اکتوبر 2016تک ریاست میں 107معاملات درج ہوئے ہیں اور ان میں سے بیشتر کو نمٹایا جاچکا ہے۔ شہر بنگلور میں ٹریفک سگنلوں پر بھیک ماننگے پر روک لگانے کے سلسلے میں بی جے پی رکن سریش کمار کے مطالبے پر وزیر داخلہ نے اس شبہ سے اتفاق کیا کہ یہاں عورتیں جن بچوں کو لے کر بھیک مانگتی ہیں ہوسکتا ہے کہ ان کو اغوا کیا گیاہو۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ سگنلوں پر بھکاری خواتین کی پکڑ دھکڑ اور پوچھ تاچھ کے سلسلے کو سختی سے آگے بڑھایا جائے گا، کیونکہ ان کے علم میں یہ شکایات آئی ہیں کہ سگنلوں پر بچوں کو لے کر بھیک مانگنے والی خواتین سے اگر پوچھ تاچھ کرنے کی کسی نے کوشش کی تو یہ بچوں کو پھینک کر بھاگ جاتی ہیں۔ پولیس جوانوں کو یہ سخت تاکید کی جائے گی کہ ایسی خواتین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


Share: