ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان:کراچی سانحہ بلدیہ ٹاؤن کا مطلوب ملزم تھائی لینڈ سے گرفتار

پاکستان:کراچی سانحہ بلدیہ ٹاؤن کا مطلوب ملزم تھائی لینڈ سے گرفتار

Sun, 04 Dec 2016 12:31:04    S.O. News Service

بینکاک،3دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تھائی لینڈ پولیس کے مطابق انہوں نے کراچی فیکڑی میں آگ لگانے کے جرم میں ملوث ایک مشتبہ پاکستانی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا نام عبدالرحمان ہے اور اس کی عمر چھیالیس برس بتائی گئی ہے۔ تھائی لینڈ انٹرپول کے سربراہ میجر جنرل ایپیچارت سورابایا کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملزم کوبنکاک میں واقع ریڈ لائٹ ایریا کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا، تھائی انٹرپول نے مشتبہ شخص کو تلاش کرنے کا عمل پاکستانی حکام کی طرف سے گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کے بعد شروع کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا جتنی جلدی پاکستان چاہے گا ملزم کو اس کے آبائی ملک کے حوالے کر دیا جائے گا۔تھائی لینڈ پولیس کے مطابق ملزم عبدالرحمان اس گینگ کا رکن بتایا جاتا ہے، جس پر کراچی کی ایک گارمنٹ فیکڑی میں آگ لگانے کا شبہ ہے۔ مبینہ طور پر اس گینگ نے اس وقت فیکڑی میں آگ لگا دی تھی، جب فیکڑی کے مالک نے اس گینگ کو تقریبادو لاکھ ڈالر بھتہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔سن 2012میں علی انٹرپرائزز فیکڑی میں لگنے والی آگ پاکستان میں پیش آنے والے بدترین صنعتی حادثات میں سے ایک تھی۔ ایک عدالتی تحقیقی رپورٹ کے مطابق فیکڑی میں ہنگامی راستوں کی کمی تھی جبکہ کارکنوں کو حفاظتی ٹریننگ بھی مناسب طریقے سے فراہم نہیں کی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں کام کے حالات پر نظر رکھنے والے حکومتی انسپکٹرز کی غفلت کی طرف بھی اشارہ کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ خیال کیا گیا تھا کہ آگ حادثاتی طور پر لگی تھی۔فیکڑی مالک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن اس کیس کی سماعت آج تک نہیں ہوئی۔ رواں برس کے آغاز پر کراچی پولیس کا کہنا تھا فیکڑی میں آگ ایک گینگ کی طرف سے لگائی گئی تھی اور اس آگ لگانے والے ملزم کا نام عبدالرحمان بتایا گیا تھا۔اس فیکڑی میں خاص طور پر جرمن کاروباری ادارے کِک کے لیے ملبوسات تیار کیے جاتے تھے۔ یہ جرمن ادارہ متاثرہ خاندانوں کو تقریبادو ملین ڈالر کا زر تلافی ادا کر چکا ہے۔ 


Share: