ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستانی ٹیم ٹیسٹ نہ بچا سکی، سیریز میں 2-0 کی شکست

پاکستانی ٹیم ٹیسٹ نہ بچا سکی، سیریز میں 2-0 کی شکست

Wed, 30 Nov 2016 12:57:42    S.O. News Service

ہیلمٹن،29نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان کو ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 138رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اس فتح کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔ اس نے کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا۔پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے369رنز کا ہدف ملا تھا لیکن میچ کے آخری پوری دن پوری ٹیم صرف230رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اوپنرز سمیع اسلم اور اظہرعلی کی 131رنز کی اوپننگ شراکت کے باوجود بقیہ پاکستانی کھلاڑی سکور میں صرف 99رنز کا اضافہ ہی کر سکے۔پاکستان کی نو وکٹیں چائے کے وقفے کے بعد صرف 72رنز کے اضافے پر گریں جن میں سے آخری چھ نے سکور میں 16رنز کا ہی اضافہ کیا۔

پاکستانی اوپنر سمیع اسلم نے اپنی چھٹی نصف سنچری مکمل کی لیکن ایک بار پھر اسے سنچری میں تبدیل نہ کرسکے۔انھوں نے اپنی نصف سنچری 188گیندوں پر بنائی جو 23سال میں کسی بھی پاکستانی اوپنر کی سب سے سست ترین نصف سنچری ہے۔وہ 91رنز بناکر ٹم ساؤدی کی گیند پر ولیم سن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔اظہر علی 58اور بابر اعظم 16رنز بناکر سینٹنر کی گیندوں پر بولڈ ہوئے۔سرفراز احمد کو بیٹنگ آرڈر میں اوپر بھیجا گیا لیکن وہ صرف 19رنز بنا کر اپنے ٹیسٹ کریئر میں پہلی مرتبہ رن آؤٹ ہوگئے۔اسد شفیق اس سال پانچویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ ہینری نے نکلس کی مدد سے حاصل کی۔آؤٹ آف فارم یونس خان کو 11رنز پر ٹم ساؤدی نے ایل بی ڈبلیو کیا تو پاکستانی ٹیم نوشتہ دیوار پڑھ چکی تھی۔ایک رن کے اضافے پرگرنے والی چار وکٹوں نے نیوزی لینڈ کی جیت پر مہرتصدیق ثبت کردی جن میں سے محمد عامر ۔ وہاب ریاض اور عمران خان بغیر کوئی رن بنائے ویگنر کا نشانہ بنے۔نیوزی لینڈ نے 32سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ آخری مرتبہ اس نے سنہ 1985میں پاکستان کے خلاف سیریز میں دو ٹیسٹ میچ جیتے تھے۔نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اب لگاتار تین ٹیسٹ میچز جیت رکھے ہیں۔ موجودہ ٹیسٹ سے قبل اس نے گذشتہ سال شارجہ میں بھی ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔


Share: