برلن،27؍نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا پائلٹوں کی تنظیم کاک پِٹ کے ساتھ بات چیت کے نئے دور کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ لفتھانزا کی افرادی قوت کی مینیجر بیٹینا فولکنز کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ پائلٹوں کی نمائندہ یہ تنظیم بھی اپنے سخت موقف میں نرمی لائے تاکہ تنخواہوں اور دیگر مراعات کے موضوع پر مذاکرات آگے بڑھائے جا سکیں۔ فولکنز نے جرمن اخبار بِلڈ اَم زَونٹاگ کو بتایا کہ ایسے نتائج کے حصول کی ضرورت ہے، جو دونوں فریقوں کے لیے قابل قبول ہوں۔ تاہم انہوں نے ماضی سے نافذالعمل ہو سکنے والا 2012ء سے تنخواہوں میں اضافے کا وہ مطالبہ مسترد کر دیا جس پر احتجاجی پائلٹ زور دے رہے ہیں۔ اسی دوران کاک پِٹ نے اپنی آج اتوار کے دن کے لیے اعلان کردہ ہڑتال بھی منسوخ کر دی ہے۔