نیویارک11؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر باراک اوباما نے نامزد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے دور اقتدار کو کامیاب بنانے کی خاطرہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اوباما نے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ ان کی ملاقات انتہائی تعمیری اور شاندار رہی۔منگل کوامریکامیں ہوئے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ری پبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے دن وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی۔امریکی صدارتی الیکشن کے بعد نو منتخب صدر کی وہائٹ ہاؤس میں اس وقت کے صدر سے ملاقات ایک سیاسی روایت ہے۔ اوباما اور ٹرمپ کی پہلی ملاقات تقریباََ نوّے منٹ تک جاری رہی جس میں متعدد موضوعات زیر بحث آئے۔اس ملاقات کے بعد اوباما نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ٹرمپ کے دورِاقتدارکامیاب بنانے کی خاطر ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ اوباما کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں کئی موضوعات پرتبادلہ خیال کیاگیا جن میں انتظامی، داخلی اور خارجی معاملات زیر بحث آئے۔ اوباما نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی طرف سے ملکی اور غیر ملکی امور کے بارے میں کام کرنے کی خواہش دیکھ کر ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ یہ اوباما کے ساتھ ان کی پہلی ملاقات تھی جوبہت اچھی رہی۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ وہ اہم حکومتی امورپرمشاورت کی خاطراوباماسے مشاورت بھی کریں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ اس ملاقات میں اوباما نے کچھ داخلی مسائل کی نشاہدہی کی جبکہ ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ کیا کیا کامیابیاں حاصل کی جا چکی ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھے تھے کہ یہ ملاقات دس یا پندرہ منٹ تک جاری رہے گی لیکن یہ طول پکڑ گئی۔باراک اوباما کی طرف سے امید کا اظہارکیاگیا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجوداقتدارکی منتقلی بہتر طریقے سے مکمل ہو گی۔ منگل کے روز منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایک ایسے وقت میں جب ٹرمپ کو دنیا بھر سے مبارکبادکے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں، امریکا کے مختلف شہروں میں ان کے خلاف مظاہرے بھی جاری ہیں۔