ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وقف بورڈ کو 10 کروڑ روپے دینے کا حکم منسوخ، مہاراشٹر حکومت کی وضاحت

وقف بورڈ کو 10 کروڑ روپے دینے کا حکم منسوخ، مہاراشٹر حکومت کی وضاحت

Sat, 30 Nov 2024 10:48:17  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 30/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر کی شندے حکومت نے 28 نومبر کو ریاستی وقف بورڈ کو 10 کروڑ روپے فوراً جاری کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی۔ تاہم، حکومت نے اس معاملے پر یوٹرن لیتے ہوئے یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حکم کسی انتظامی غلطی کی وجہ سے جاری ہوا تھا، جسے اب درست کر لیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ محکمہ برائے اقلیتی ترقی نے 28 نومبر کو 10 کروڑ روپے وقف بورڈ کو فوراً دینے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس پر شیوسینا یو بی ٹی کی راجیہ سبھا رکن پرینکا چترویدی نے سوال بھی اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ ’’مہایوتی میں رسہ کشی چل رہی ہے، ابھی تک وزیر اعلیٰ کا نام بھی طے نہیں ہوا، ہر بات کے لیے کہہ رہے ہیں کہ پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ طے کریں گے۔ اس دوران ریاستی وقف بورڈ کو 10 کروڑ روپے دے دیے گئے ہیں۔ جس (وقف بورڈ) پر وہ پوری سیاست کر رہے ہیں، یہ فیصلہ حیرت انگیز ہے۔ یہ ان کی ہپوکریسی ہے۔‘‘

دراصل حکومت نے بجٹ میں 20 کروڑ روپے کا فنڈ ریاستی وقف بورڈ کو الاٹ کیا تھا جس میں سے 10 کروڑ روپے وقف بورڈ کو فوری جاری کرنے کا حکم 28 نومبر کو جاری ہوا۔ رواں سال جون میں محکمہ اقلیتی فلاح نے اورنگ آباد مین وقف بورڈ کو 2 کروڑ روپے کی ادائیگی بھی کی تھی اور اعلان کی اتھا کہ بقیہ رقم کی ادائیگی بعد میں کی جائے گی۔ اس معاملے میں وی ایچ پی (وشو ہندو پریشد) نے اپنی مخالفت بھی ظاہر کی تھی۔ وی ایچ پی کے کونکن علاقہ کے سکریٹری موہن سالیکر نے سوال اٹھایا تھا کہ ریاستی حکومت مسلمانوں کے آگے کیوں جھک رہی ہے؟ وہ ان کو خوش کرنے کی کوشش کیوں کر رہی ہے؟ ساتھ ہی انھوں نے کہا تھا کہ اس فیصلے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وی ایچ پی کی مخالفت کے بعد مہاراشٹر بی جے پی صدر چندرشیکھر باونکلے کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے الاٹ رقم وقف بورڈ کے ڈیجیٹائزیشن کے لیے تھا۔ غلطیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے یہ قدم اٹھانا ضروری تھا۔ اس سے ہندوؤں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات سے غلط طریقے سے حاصل کی گئی زمین کی شناخت کرنے میں مدد ملے گی۔


Share: