ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوٹوں پر پابندی سے کسان مشکلات سے دو چار: دیوے گوڈا

نوٹوں پر پابندی سے کسان مشکلات سے دو چار: دیوے گوڈا

Sun, 25 Dec 2016 13:31:28    S.O. News Service

بنگلورو۔24دسمبر (ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتادل (سیکولر) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے گزشتہ ماہ کی گئی نوٹ بندی کا بہت برا اثر ریاست کے ہی نہیں ،بلکہ پورے ملک کی رعیت طبقہ پر مرتب ہوا ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہا کہ جہاں تک ریاست کرناٹک کا تعلق ہے، یہاں کسانوں کی فصلوں کو مناسب قیمتیں نہیں مل پا رہی ہیں۔ خاص طور پر ناریل کے کاشت کار بہت ہی زیادہ مشکلات سے دو چار ہیں۔ ان کے علاوہ سپاری، ربڑ وغیرہ کے کاشت کار بھی پریشان ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی طرف سے ملک کے معاشی نظام کو ڈجیٹل اور بلا نقد کرنے کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے مسٹر دیوے گوڈا نے کہا کہ ہندوستان جیسے ملک میں یہ کبھی ممکن نہیں ہوپائیگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت فوری طور پر مشکل سے گھرے ملک کے کسانوں کو راحت پہنچانے کیلئے ضروری قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کیرلا میں سپاری اور ربڑ کے کسانوں کو تائیدی قیمت ادا کی جارہی ہے، لیکن کرناٹک میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ ریاستی حکومت اس سہولت کا جائزہ لے اور کرناٹک میں بھی اسے رائج کرے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 دسمبر کو دہلی میں نوٹوں پر پابندی لگانے مرکزی حکومت کے اقدام کے خلاف اگلی حکمت عملی طےء کرنے کیلئے 16 اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی وغیرہ شریک رہیں گے۔


Share: