امپھال، 28نومبر(آئی این ایس انڈیا) منی پور میں نقد رقم حاصل کرنے کے لئے بہت دیر سے قطار میں لگی عوام نے ناراض ہو کر آج اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی دو برانچ میں توڑ پھوڑ کی۔پولیس حکام نے آج کہا کہ ایس بی آئی منی پور یونیورسٹی برانچ میں کچھ لوگوں نے توڑ پھوڑ کی۔اس دوران ایک پولیس اہلکار شیام سنگھ کو چوٹیں بھی آئیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک اور واقعہ میں امپھال ویسٹ ضلع کے لی ماکھونگ میں واقع ایس بی آئی برانچ کی کھڑکیاں توڑ دی گئیں اور نام تختی کو بھی نقصان پہنچا دیا گیا۔اس درمیان پورے ملک کی طرح ریاست کے دارالحکومت میں بھی نوٹ بندی کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے بلاگیا مظاہرہ کیا گیا۔منی پور ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ٹی این ہاوکپ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ نوٹ بندی سے لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور نقد رقم کی کمی کی وجہ سے یومیہ مزدوروں کو بہت دقت آ رہی ہے۔