کولکا تہ، 18؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی کو لے کر کلکتہ ہائی کورٹ نے حکومت کو پھٹکار لگائی ہے۔جمعہ کو نوٹ بند ی کے خلاف دائر مفادعامہ کی عرضی پرسماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا کہ نوٹ بند ی کو لے کر حکومت روز نئے نئے فیصلے لے رہی ہے اور اگلے دن اسے بدل دے رہی ہے، فیصلوں کو ایسے روز تبدیل کرنا ٹھیک نہیں ہے۔بینکوں اور اے ٹی ایم کے باہر لمبی لمبی لائنوں سے لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔غورطلب ہے کہ نوٹ بند ی کے 10ویں دن بھی ملک میں حالات جوں کے توں ہیں، حکومت ہر دن نیا فیصلہ لے رہی ہے، ہائی کورٹ نے اس پر سخت اعتراض کیاہے ، جج نے کہا کہ اسپتا لوں میں کیش کی وجہ سے ضروری علاج نہیں ہو پا رہا ہے۔اپنے بیٹے کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے جج نے کہاکہ میرے بیٹے کو ڈینگو ہے، لیکن اسپتا ل والے کیش نہیں لے رہے ہیں۔مرکز پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ نے کہا کہ نوٹ بند ی کے فیصلے کو لاگو کرتے وقت حکومت نے اپنے دماغ کا صحیح استعمال نہیں کیا، ہر دن وہ قانون بدل رہی ہے،اس کا مطلب صاف ہے کہ اتنا بڑا فیصلہ لینے سے پہلے کوئی ہوم ورک نہیں کیا گیا، کورٹ نے کہا کہ ہم حکومت کا فیصلہ تبدیل نہیں کر رہے ہیں ، لیکن اس معاملے میں بینک ملازمین کی لاپرواہی بھی سامنے آ رہی ہے،اس درخواست پر اگلے جمعہ کو عدالت میں فیصلہ آئے گا۔
ادھر، سپریم کورٹ نے بھی نوٹ بند ی پر سبھی درخواستوں پر فیصلہ دیا ہے۔کورٹ نے کہا کہ نوٹ بند ی پر مرکزی حکومت دہلی ہائی کورٹ میں ٹرانسفر درخواست دیں۔واضح رہے کہ نوٹ بند ی کے بعد پہلے حکومت نے کہا تھا کہ بینک سے روزانہ 4000روپے تک کے پرانے نوٹ تبدیل کئے جا سکیں گے، بعد میں اسے بڑھا کر 4500کر دیا گیا، وہیں، اے ٹی ایم سے روزانہ 2000کیش نکالے جا سکتے تھے، جس کی حد بعد میں بڑھا کر 2500کر دی گئی تھی۔اب جمعرات کو اقتصادی امور کے سکریٹری شکتی کانت داس نے نوٹ بند یپر پریس بریفنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ اب کسان ایک ہفتے میں 25000روپے نکال سکتے ہیں،جبکہ شادی بیاہ کی تقریب کے لیے بینک سے 2.5لاکھ روپے تک نکالے جا سکتے ہیں۔اس کے لیے انہیں بینک میں شادی کا کارڈ دکھانا ہوگا۔حکومت کے ایک تازہ فیصلے کے مطابق اب آپ کو پٹرول پمپ سے تیل ہی نہیں کیش بھی ملے گا۔نئے فیصلہ کے مطابق، آپ پٹرول پمپ پر اپنا ڈیبٹ کارڈسوائپ کرکے 2000روپے تک نکال سکتے ہیں۔اس کے لیے آپ کو سرکاری کمپنی کے پٹرول پمپ پر جاکر اپنا ڈیبٹ کارڈ سوائپ کرنا ہوگا اور 2000روپے آپ کو مل جائیں گے۔شروع شروع میں یہ سہولت ملک بھر کے 2500پٹرول پمپ پر دی گئی ہے، جہاں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی سوائپ مشینیں دستیاب ہیں۔اگلے تین دنوں میں یہ سہولت ملک کے 20000پٹرول پمپ پر ملنے لگے گی، جن کے پاس ایچ ڈی ایف سی، سٹی بینک اور آئی سی آئی سی آئی بینک کی کارڈسوائپ مشینیں دستیاب ہوں گی۔