ممبئی، 21؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ممبئی کے گھاٹ کو پر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی پریورتن ریلی میں پارٹی سربراہ شرد پوار کے سر ایک بار پھر بدلے نظر آئے۔پہلے نوٹ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کرنے والے پوار نے اب اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا اب عام آدمی ہی اس فیصلے کی زد میں آکر پس رہا ہے۔پوار نے اس فیصلے کو اقتصادی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے بلٹ ٹرین کے معاملے پر بھی مرکزی حکومت کو گھیرا۔گھاٹ کو پر کی ریلی میں پوار نے ممبئی میونسپل بورڈ کے ساتھ لوک سبھا، اسمبلی انتخابات میں بھی اقتدار کی تبدیلی کی بات کہی۔ریلی میں پوار نے کہا ممبئی کی لوکل ٹرین سے سفر کرنے والوں کی پریشانیوں کا اندازہ حکومت کو نہیں ہے۔جس طرح ممبئی میں گھر کا مسئلہ اہم ہے، اسی طرح ٹریفک کااور لوکل کا مسئلہ بھی اہم ہے ،لیکن ممبئی والون کی تکلیفیں حکومت کو نظر نہیں آتی ہے ، بی جے پی حکومت کو بلٹ ٹرین کی جلدی پڑی ہے۔پوار نے آگے کہا کہ 98000کروڑ روپے خرچ کر کے ٹرین کو ممبئی سے احمد آباد لے جانے کی بڑی جلدی ہے، اس کے بجائے دہلی ممبئی، دہلی-کولکا تہ، دہلی-چنئی روٹ پر توجہ دی جاتی تو بہتر ہوتا، پوار نے کہا کہ ممبئی لوکل میں 8000کروڑ روپے خرچ کیے جائیں تو ممبئی کے لوگوں کی بڑی پریشانی حل ہو جائے گی، لیکن وزیر اعظم کو فکر ہے تو صرف اس بات کی کہ کس طرح جلد سے جلد ممبئی سے احمد آباد پہنچا جائے۔پوار نے براہ راست نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا وزیر اعظم بیرون ملک میں جا کر ہندوستانی لیڈروں پر تبصرے کرتے ہیں، ملک کے رہنماؤں کی بیرون ملک جاکر بدنامی کرتے ہیں۔اندرا گاندھی نے کبھی ایسا نہیں کیا،وزیر اعظم شوق سے بیرون ملک کا دورہ کریں، ہندوستانی مفادسے جڑے مسائل کو اٹھائیں لیکن بی جے پی کے لیڈر بن کر نہ جائیں بلکہ ملک کے وزیر اعظم بن کر جائیں۔نوٹ بند ی کے معاملے پر پوار نے کہاکہ اگر اس طرح کی صورت حال جاری رہی تو عام لوگوں کا جینا دوبھر ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مودی کے فیصلے کی وجہ سے ملک اقتصادی ایمرجنسی کی گرفت میں ہے ، عام آدمی تکلیف میں ہے اور وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ بلیک منی والوں کی نیند اڑ گئی ہے، آئندہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف 0.28فیصد نوٹ ہی جعلی تھے لیکن اس کی وجہ سے 86فیصد نوٹ بند کر دئیے گئے۔اپنی ریلی میں پوار نے ممتا بنرجی کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ایماندار لیڈر بتایا، غور طلب ہے کہ اتوار کو اپنی ریلی میں مودی نے ممتا بنرجی کا نام لیے بغیر ان پر شدید حملہ کیا تھا۔