نئی دہلی، 16؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سابق مرکزی وزیر ارن شوری نے کہا ہے کہ ان کے نام سے کی جا رہی نوٹ بندی کی تنقید مکمل طورپر فرضی ہے اور وہ اس کے لیے ٹوئٹر کو قانونی نوٹس بھیجیں گے۔شوری نے میڈیا سے کہاکہ میرے نام سے نوٹ بندی کے اقدامات کی مخالفت اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کئے جانے کی بات سامنے آئی ہے، یہ مکمل طور فرضی ہے، میں کہہ چکا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہے، میرے نام سے کہی جا رہی یہ بات پوری طرح فرضی ہے۔انہوں نے کہاکہ باربار انکار کئے جانے کے باوجود اس طرح کے بیانات میرے نام سے مسلسل آ رہے ہیں اور میں عوامی طور پر کہہ چکا ہوں کہ میرا کوئی ٹوئٹر اکاونٹ یا فیس بک پیج نہیں ہے۔ٹوئٹر کے پلیٹ فارم پر آ رہے اس طرح کے غلط بیانات کی وجہ سے میں ٹوئٹر کے لوگوں کو قانونی نوٹس بھیجنے کی تیاری کررہا ہوں۔غورطلب ہے کہ ان کا یہ تبصرہ میڈیا میں آئی کچھ خبروں کے پیش نظر آیا ہے جن میں ان کے حوالے سے مودی حکومت کے نوٹ بندی کے فیصلے کی تنقید کی بات کہی گئی ہے۔شوری نے کہا کہ یہ فرضی اکاونٹ کافی شرمندگی والی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، کچھ اکاونٹ بند کر دئیے گئے، لیکن یہ چیز یں جاری ہیں ۔نوٹ بندی کے معاملے پر اظہار خیال کرنے کے لیے کہے جانے پر شوری نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ ان سب سے الگ کسی چیز پر کام کرنے میں مصروف ہیں اورموجودہ مسئلہ سے دور ہیں۔بی جے پی کے سابق لیڈر شوری ماضی میں مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر چکے ہیں۔