منگلورو16/دسمبر(ایس او نیوز) تحفظ شریعت کے موضوع پر 20دسمبر کو منگلورو کے ٹاؤن ہال میں صبح 9.30سے 1.30بجے تک خواتین کاعظیم الشان اجلاس منعقد ہوگا۔ پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رکن شامیرہ جہاں نے بتایا کہ اس کانفرنس کا اہتمام جنوبی کینر ا کی تمام جماعتوں کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ کیونکہ طلاق کے مسئلے پر بڑی بدگمانیاں پھیلائی جارہی ہیں اور شریعت اسلامی کے خلاف پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ ایسی گمراہ کن مہم کا تدارک کرنا اس کانفرنس کا اہم مقصد ہے۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ملک میں کئی پرسنل لاء موجود ہیں، مگر طلاق ثلاثہ کے غلط استعمال کا حوالہ دے کرمرکزی حکومت یکساں سول کوڈ نافذ کرنا چاہتی ہے۔حکومت کے اس رجحان سے پھر ایک بار اس کا مسلم مخالف چہرہ سامنے آگیا ہے۔یہ فرقہ پرست طاقتوں کی سازش ہے جو یہاں کے کثیر الثقافتی سماج کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔لہٰذا تمام مسلم خواتین کو متحدہ طور پر اس کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگا۔
اس موقع پر تحفظ شریعت کمیٹی کی کنوینرساجدہ مومن،سعیدہ یوسف اور دیگر خواتین موجود تھیں۔