نئی دہلی18جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اپوزیشن کی طرف سے ملک کے نائب صدر کے عہدے کے لئے امیدوار گوپال کرشن گاندھی نے آج اپناپرچہ نامزدگی داخل کیا۔کانگریس صدرسونیاگاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے علاوہ اس موقع پر کچھ دوسرے کانگریسی لیڈران بھی موجودتھے۔ اس موقع پر گوپل کرشن گاندھی نے بتایا کہ ملک تقسیم کی سیاست کی طرف گامزن ہے اورایک طاقت ملک کوبانٹ رہی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں نائب صدر کے عہدے کے لیے اپوزیشن نے ایک اجلاس کے بعد نائب صدر کے عہدہ کے لئے گوپال کرشن گاندھی کے ساتھ رضامندی ظاہر کی تھی۔کانگریس صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں ہوئی اس میٹنگ میں جے ڈی یو، آر جے ڈی، ٹی ایم سی، ایس پی، بی ایس پی سمیت18جماعتوں کے نمائندے شامل ہوئے تھے۔صدارتی انتخابات میں مختلف راہ اپنانے والی جے ڈی یوبھی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہے۔شرد یادوپرچہ نامزدگی کے دوران موجودتھے۔ان کے علاوہ لیفٹ لیڈرسیتارام یچوری اور ڈیریک اوبرائن بھی ساتھ میں تھے۔
پرچہ نامزدگی بھرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گاندھی نے کہاکہ میں آزاد امیدوار ہوں۔میں کسی پارٹی سے منسلک نہیں ہوں۔18جماعتوں نے مجھے حمایت دی ہے۔ان تمام کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔اپوزیشن کے نائب صدر کے عہدے کے امیدوار گو پال کرشن گاندھی نے کہا کہ عوام کا سیاست میں یقین کم ہواہے۔میں اس کا احیا ہوتے دیکھنا چاہوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم تقسیم کے دور میں رہ رہے ہیں۔ایک مکمل قوت ہمارے ملک کو بانٹنے کے کام میں فعال ہے اور یہ خطرے کا اشارہ ہے۔بتا دیں کہ آج ہی بینچ کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کے امیدوار وینکیا نائیڈو نے بھی فارم بھرا۔گوپا ل کرشن گاندھی مغربی بنگال کے گورنر رہ چکے ہیں۔وہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پوتے ہیں۔